
فٹ انڈیا ویک کے تحت مختلف کھیل مقابلوں کا اہتمام
علی گڑھ، 17 دسمبر (ہ س)۔ اے ایم یو گرلز اسکول میں فٹ انڈیا ویک 2025 کے تحت سینئر اور جونیئر سطح پر والی بال، باسکٹ بال، رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، یوگ، کھوکھو، کرکٹ، کبڈی اور شطرنج کے انٹرہاؤس مقابلے منعقد کئے گئے۔ پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور وائس پرنسپل محترمہ الکا اگروال کی نگرانی میں فٹ انڈیا ویک منایا گیا۔کھیل سرگرمیوں کی نگرانی اسپورٹس انچارج محمد وسیم احمد نے کی، جبکہ گیمز ٹیچرز شالنی چوہان اور سیما زیتون نے معاونت فراہم کی۔
سینئر زمرے میں بلو ہاؤس نے باسکٹ بال، رسہ کشی، کھوکھو اور کبڈی میں اول پوزیشن حاصل کی، جہاں اس نے باسکٹ بال، رسہ کشی اور کبڈی میں گرین ہاؤس کو اور کھوکھو میں ریڈ ہاؤس کو پیچھے چھوڑا۔ گرین ہاؤس نے یوگ اور کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ان مقابلوں میں ریڈ ہاؤس رنر اپ رہا۔ شطرنج میں ریڈ ہاؤس نے جیت حاصل کی اور گرین ہاؤس دوسرے نمبر پر رہا۔ ٹیبل ٹینس میں یلو ہاؤس نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور گرین ہاؤس دوسرے مقام پر رہا۔ والی بال میں ریڈ ہاؤس نے کامیابی حاصل کی اور بلو ہاؤس رنر اپ رہا، جبکہ بیڈمنٹن میں بلو ہاؤس نے اول اور یلو ہاؤس نے دوم پوزیشن حاصل کی۔
جونیئر زمرے میں گرین ہاؤس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، یوگ اور کرکٹ میں کامیابی حاصل کی۔ باسکٹ بال اور بیڈمنٹن میں ریڈ ہاؤس، جبکہ ٹیبل ٹینس اور یوگ میں یلو ہاؤس رنر اپ رہے۔ کرکٹ میں یلو ہاؤس دوسرے نمبر پر رہا۔ بلو ہاؤس نے والی بال اور کبڈی میں اول پوزیشن حاصل کی، جن میں بالترتیب ریڈ ہاؤس اور گرین ہاؤس رنر اپ رہے۔ کھوکھو اور شطرنج میں ریڈ ہاؤس نے کامیابی حاصل کی، جبکہ دونوں میں گرین ہاؤس دوسرے نمبر پر رہا۔ رسہ کشی میں یلو ہاؤس نے پہلا اور ریڈ ہاؤس نے دوسرا مقام حاصل کیا۔
اس دوران والی بال کا خصوصی میچ بھی کھیلا گیا جس میں طلبہ کی ٹیم نے اساتذہ کو شکست دی، جبکہ کرکٹ میچ میں اساتذہ نے طلبہ کو مات دی۔ اسی طرح تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ میں تدریسی عملہ فاتح رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ