
علی گڑھ, 17 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء ا لدین احمد ڈینٹل کالج میں ڈینٹل صحت میلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد اسکولی بچوں میں منھ اور دانتوں کی صحت سے متعلق آگہی پیدا کرنا اور منھ کی صفائی کے تئیں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا تھا۔ یہ پروگرام پروفیسر سندھیا مہیشوری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر”میری اورل ہیلتھ: میرا حق، میری ذمہ داری”کے عنوان پر پوسٹر پینٹنگ اور سلوگن رائٹنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں اے ایم یو کے اسکولوں کے ساتھ ہی باہر کے اسکولی طلبہ نے بھی شرکت کی۔ کامیاب طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا۔ زیادہ شرکت اور مجموعی طور پر زیادہ اسکور حاصل کرنے پر ایس ٹی ایس منٹو سرکل اسکول کو بہترین اسکول کا ایوارڈ دیا گیا۔
سلوگن رائٹنگ مقابلہ (جماعت ششم تا دہم) میں اے بی کے گرلز اسکول کی طالبہ ادیبہ نے اول انعام، عدیفہ نے دوم اور آیوشی کماری نے سوم انعام حاصل کیا۔ پوسٹر سازی مقابلہ (جماعت ششم تا دہم) میں طلحہ خان (اے بی کے بوائز اسکول) اول، انوشکا شرما (اے ایم یو گرلز ہائی اسکول) دوم اور وویک کمار (ایس ٹی ایس اسکول) سوم رہے۔ پوسٹر سازی مقابلہ (جماعت اول تا پنجم) میں سمر شرما (اے بی کے بوائز اسکول) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ تنمے چودھری اور شوبھت کمار (دونوں ایس ٹی ایس اسکول) بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔
تقریب تقسیم انعامات کے بعد طلبہ کو ڈینٹل کالج کے مختلف شعبوں اور ڈینٹل ہیلتھ میلہ کے اسٹالز کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں ڈینٹسٹری کی بنیادی معلومات فراہم کی گئیں۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے پروگرام کی رہنمائی اور سرپرستی کی۔ اس میلے کا اہتمام ڈینٹل ہیلتھ میلہ کمیٹی نے کیا تھا جس میں پروفیسر صائمہ یونس خان، پروفیسر نیہا اگروال، ڈاکٹر ارباب انجم، ڈاکٹر جوہی گپتا، ڈاکٹر سید امان علی، ڈاکٹر عاطف اور ڈاکٹر فائزہ شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ