
کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے 25.20 کروڑ روپے میں خریدا
نئی دہلی، 16 دسمبر (ہ س)۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں 16 دسمبر کو ایک نیا ریکارڈ بن گیا۔ آسٹریلیا کے اسٹار آل راونڈر کیمرون گرین آئی پی ایل تاریخ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے انہیں 25.20 کروڑ روپے کی بھاری بھرکم رقم میں انہیں اپنے ساتھ جوڑا۔ کیمرون گرین کے لیے ریکارڈ توڑ بولی نے ایک بار پھر آئی پی ایل نیلامی کی سرگرمی اور فرنچائزز کی حکمت عملیوں کو سرخیوں میں لا دیا ہے۔
کے کے آر کی یہ بولی آئی پی ایل نیلامی میں کسی غیر ملکی کھلاڑی پر اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھی کے کے آر کے نام تھا، جب فرنچائز نے آئی پی ایل 2024 نیلامی میں آسٹریلیائی تیز گیند باز مچل اسٹارک کو 24.75 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔
اس دوران، 2025 میگا آکشن سے پہلے آئی پی ایل نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ایک نیا اصول نافذ کیا تھا، جس کے تحت ”زیادہ سے زیادہ فیس کی حد“ طے کی گئی۔ یہ فیصلہ فرنچائزز کی بڑھتی تشویش کو دیکھتے ہوئے لیا گیا، کیونکہ حال کے برسوں میں کئی بڑے غیر ملکی کھلاڑی میگا آکشن سے دوری بنا کر رکھتے تھے اور صرف منی آکشن میں ہی نام ڈالتے تھے۔ منی آکشن میں کھلاڑیوں کی تعداد محدود ہونے اور ٹیموں کی مجبوری کے باعث بولی کی رقم تیزی سے بڑھ جاتی تھی، جو کئی بار غیر متوازن اور غیر مستحکم سطح تک پہنچ جاتی تھی۔ اسی رجحان پر روک لگانے کے لیے آئی پی ایل نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ فیس کی حد نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن