
نئی دہلی، 16 دسمبر (ہ س)۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران، ڈی ایم کے کے رکن پارلیمنٹ پی ولسن نے او بی سی کریمی لیئر کے لئے آمدنی کی حد کا مسئلہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کریمی لیئر کی آمدنی کی حد میں گزشتہ8 برسوں سے کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں امیدواروں کو نقصان ہو رہا ہے۔
گزشتہ آٹھ برسوں میں ملکی حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ افراط زر میں اضافہ ہوا ہے اور پیسے کی قدر گر گئی ہے، پھر بھی دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی)کی کریمی لیئر کے لیے آمدنی کی حد ₹8 لاکھ روپے سالانہ ہی ہے۔ یہ حد 2017 میں مقرر کی گئی تھی۔ اس وقت سونا ₹3000روپے فی گرام تھا، جو اب بڑھ کر ₹12,000 فی گرام ہو گیا ہے۔
قواعد کے مطابق کریمی لیئر کی حد ہر 3 سال بعد تبدیل کی جانی چاہیے لیکن اب تک حکومت نے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ قومی پسماندہ طبقات کمیشن نے بھی اس میں اضافہ کرنے کی سفارش کی تھی جسے حکومت نے نظر انداز کر دیا۔
اس کے علاوہ ، ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ (ڈی او پی ٹی) ایک غلط طریقہ اپنا رہا ہے۔ خاندانی آمدنی کا حساب لگاتے وقت اس میں والدین کی تنخواہیں شامل ہوتی ہیں، حالانکہ 1993 کے حکومتی حکم نامے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تنخواہ اور زرعی آمدنی کو کریمی لیئر میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہی غلط طریقہ یوپی ایس سی ، سرکاری اداروں، پی ایس یو، تعلیمی اداروں کے ذریعے اختیار کیا جا رہا ہے۔ یہ او بی سی امیدواروں کو ریزرویشن فوائد حاصل کرنے سے روکتا ہے۔
2019 میں، او بی سی پارلیمانی کمیٹی نے اس غلط عمل پر تنقید کی تھی اور اسے فوری طور پر روکنے کا کہا تھا، لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس کا اثر بہت سنگین ہے۔
پی ولسن نے کہا کہ مرکزی یونیورسٹیوں میں تقریباً 80 فیصد او بی سی پروفیسر کے عہدے خالی ہیں۔ پروفیسر کے 2,537 عہدوں میں سے صرف 423 (تقریباً 16.7 فیصد) او بی سی کے لیے ریزرو ہیں، جب کہ یہ شرح 27 فیصد ہے۔
آر ٹی آئی سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق، 21 آئی آئی ٹی میں صرف 11.2 فیصد فیکلٹی او بی سی، 6 فیصد درج فہرست ذات، اور 1.6 فیصد درج فہرست قبائل ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمتوں میں گروپ اے کے صرف 18 فیصد افسران او بی سی ہیں۔ ٹاپ 90 افسران میں سے صرف تین او بی سی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد