
نئی دہلی، 16 دسمبر (ہ س)۔ بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) سمیت سولہ ٹریڈ یونینوں نے منگل کو مرکزی حکومت کی طرف سے حال ہی میں مطلع کردہ چار لیبر کوڈز کی حمایت کا اظہار کیا۔ حکومت نے 21 نومبر کو نئے لیبر قوانین کو مطلع کیا تھا۔نئی دہلی میں منعقدہ ’محنت اور ر وزگار اجلاس 2025‘ میں، ٹریڈ یونین کے نمائندوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ لیبر کوڈ کے مطلوبہ فوائد پورے ملک کے تمام مزدوروں تک پہنچیں۔ اجلاس کا افتتاح محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کیا۔ کانفرنس میں بحث نومبر میں مطلع کیے گئے چار لیبر کوڈز پر مرکوز تھی اوراس میں ملک بھر سے 200 سے زیادہ ٹریڈ یونین رہنماؤں، ٹریڈ یونینوں سے وابستہ کارکنان، آجروں کی تنظیموں کے سینئر نمائندوں اور سماجی تحفظ کے اداروں نے شرکت کی۔
مرکزی وزیر محنت اور روزگار ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اجلاس کے دوران کہا کہ تمام مزدور تنظیموں نے متفقہ طور پر نئے لیبر کوڈز کی تعریف کی۔ انہوں نے مزدوروں کے مفاد میں لیبر کوڈ کو لاگو کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لیبر کوڈز کے بارے میں وسیع پیمانے پر عوامی بیداری پیدا کرنے کا بھی عہد کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد