
نئی دہلی،16دسمبر(ہ س)۔جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بی اے (آنرس) تاریخ،سال اول کے طالب اور یونیورسٹی میں نشانے بازی کے پلیئر مکابر نے گنز آف نیشنز شوٹنگ اسپورٹس اکیڈمی،دہلی میں مورخہ چار تا سات دسمبر دوہزار پچیس کے درمیان منعقدہ ساتویں قومی سکھ گیمز دوہزار پچیس۔چھبیس میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔جونیئر زمرے میں حصہ لیتے ہوئے مکابر نے دس میٹر ایئر پسٹل (انفرادی مقابلہ) میں چاندی اور دس میٹر ایئر پسٹل (ٹیم مقابلے) میں کانسے کے تمغے حاصل کیے۔اس شان دار کامیابی اور کھیل کے جذبے کے لیے عزت مآب شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر مظہر آصف نے شوٹنگ چمپئن کو مبارک باد دی اور مکابر کی کامیابی کو سراہا اور مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ ایسے ہی یونیورسٹی کا نام روشن کرتے رہیں۔پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی مکابر کی کوششوں کی تعریف کی اور آئندہ مقابلوں میں مزید کامیابی کے سلسلے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گیمز اینڈ اسپورٹس،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسرنفیس احمد نے کھیل کے تئیں سچی لگن اور ان کی سخت کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کرنے کے لیے مکابر کی تعریف کی اور نشانے بازی کے میدان میں مزید بہتر کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں مکمل تعاون دیے جانے کا وعدہ بھی کیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais