
دھنباد، 16 دسمبر (ہ س)۔ دھنباد کے سرائیڈھیلا تھانہ علاقے کے تحت واقع وکاس نگر میں پیر کی دیر رات ایک تین منزلہ مکان میں زبردست آگ لگ گئی جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس واقعے میں دو افراد کی موت ہو گئی، جب کہ دو افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ مرنے والوں کی شناخت 22 سالہ پرشانت کمار عرف گولو اور 70 سالہ چنتامنی دیوی کے طور پر کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پرشانت کمار عرف گولو 15 دن پہلے ہی پٹنہ سے اپنی دادی چنتامنی دیوی کے گھر آیا تھا۔ واقعہ کے وقت گھر میں کل 15 افراد موجود تھے۔ گراؤنڈ فلور پر آٹھ، پہلی منزل پر تین اور دوسری منزل پر چار لوگ سو رہے تھے۔ آگ گراؤنڈ فلور پر لگی جس سے دھواں تیزی سے پورے گھر میں پھیل گیا۔
رات گئے سبھی لوگ سو رہے تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ پہلی اور دوسری منزل پر موجود افراد اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم شدید دھوئیں کے باعث نیچے پھنسے افراد کو نکالنا مشکل ہوگیا۔ کافی کوششوں کے بعد پھنسے مکینوں کو بچا لیا گیا اور فائر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ دھنباد فائر ڈپارٹمنٹ کے انچارج دیپک اوراون کے مطابق مکان تنگ گلی میں ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ گھر کے مین گیٹ کو تالا لگا ہوا تھا ورنہ سب کو بچایا جا سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھر میں روم ہیٹر تھا جس سے شبہ پیدا ہوتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہو گی۔ اطلاعات کے مطابق، چنتا دیوی رات تقریباً 12 بجے اپنے کمرے میں سونے کے لیے چلی گئیں، اور دیگر کو تقریباً 1:00 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔
اس واقعہ میں کندن کا بھتیجا گولو پرساد اور اس کی دادی چنتامنی دیوی بری طرح جھلس گئے اور ان کی موت ہوگئی۔ گراؤنڈ فلور پر سوئے ہوئے چھ افراد بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور وہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ایس این ایم ایم سی ایچ بھجوا دیا ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد