
۔ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے قبل نیتھن لیون کا کہنا ہے کہ کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں
ایڈیلیڈ، 15 دسمبر (ہ س)۔ آسٹریلیا کے تجربہ کار آف اسپنر نیتھن لیون نے آئندہ تیسرے ایشز ٹسٹ سے قبل واضح کر دیا ہے کہ انہیں کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایڈیلیڈ اوول میں بدھ کو شروع ہونے والے میچ میں لیون کی واپسی یقینی سمجھی جا رہیہے، جہاں گرم موسم اور خشک پچ اسپن گیندبازوںکے حق میں ہونے کی امیدہے۔
نیتھن لیون بھی ایک بڑے ذاتی ریکارڈ کے قریب ہیں۔ ان کے نام فی الحال 562 ٹیسٹ وکٹیں ہیں، جو عظیم گیندباز گلین میک گرا کے ریکارڈ (563 وکٹوں) سے صرف ایک وکٹ پیچھے ہیں۔ 140 ٹیسٹ میچ کھیل چکے گزشتہ تین میچوں میں سے دو میں پلیئنگ الیون سے باہر رکھا گیا تھا۔ تاہم ان کے تیسرے ٹیسٹ میں کھیلنے کا قوی امکان ہے، جہاں آسٹریلیا کا مقصد 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنا ہوگا۔ پیٹ کمنز بھی اس میچ میں کپتان کے طور پر واپسی کریں گے۔
لیون نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا،’’ذاتی طور پر، یہ مایوس کن تھا، لیکن میں نے 140 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میرے پاس کسی کو ثابت کرنے کے لیے کچھ ہے۔ میں اپنے کردار کو واضح طور پر جانتا ہوں۔ مجھے ڈریسنگ روم میں سب کے ساتھ کھیلنا اور آسٹریلیا کی نمائندگی کرنا بالکل پسند ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’اگر مجھے پھر سے موقع ملتا ہےتو میں وہی کرتا رہوںگا۔آسٹریلیا کے لیے کھیلتے رہنا میرا خواب ہے۔ کسی کو بھی سلیکشن کا مستقل حق نہیں ہوتاہے۔ آپ کو سخت محنت کرنا ہوتی ہے تاکہ آپ سلیکشن کے حق دار بن سکیں۔‘‘
پیر کا دن لیون کے لیے خاص بھی رہا، کیونکہ انہیں باقاعدہ طور پر ایڈیلیڈ اوول کی ’’ایونیو آف آنر‘‘ میں شامل کیا گیا ۔یہی وہ میدان ہے،جہاں وہ کبھی گراؤنڈز اسٹاف کے طور پر کام کرتے تھے۔ اب سب کی نظریں ایڈیلیڈ ٹیسٹ پر ہیں، جہاں لیون نہ صرف ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں بلکہ تاریخ بھی رقم کر سکتے ہیں۔
لیون نے ٹیسٹ کرکٹ میں اسپن گیندبازی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا،’’ آپ کسی اسپنر سے پوچھ رہے ہیں تو ظاہر ہے کہ اسپن بہت اہم ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ پانچ دن کا کھیل ہے اور پچ کے ٹوٹنے کے ساتھ اسپنرز کے لیے مواقع بڑھتے ہیں۔ جیسے جیسے گیند گھومتی ہے، ٹی وی پر زیادہ نگاہیںلگ جاتی ہیں۔‘‘
بھارت کے دورے کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپن کے موافق حالات کھیل کو مزید پرجوش بناتے ہیں اور شائقین کی دلچسپی میں اضافہ کرتے ہیں۔’’میرے لیے، اسپن کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں اہم کردار ادا کرتا ہے- خواہ وہ جونیئر کرکٹ ہو، فرسٹ کلاس کرکٹ، وائٹ بال کرکٹ، یا ریڈ بال کرکٹ۔‘‘لیون نے مزید کہا،’’میری تاریخ کو دیکھتے ہوئے یہ ایک پریوں کی کہانی جیسی ہو سکتی ہے۔ 2010-11 میںمیرا پہلا ٹیسٹ یہیں ہوا تھا۔ گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑنا ناقابل یقین ہوگا۔‘‘
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد