
علی گڑھ، 15 دسمبر (ہ س)۔
ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کی دو ٹیمیں اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون 2025 کے فائنل کے لیے منتخب کی گئی ہیں، ٹیم ’نیورا‘ اور ٹیم ’دی وژنرز‘ قومی سطح کے اس مقابلے میں کالج کی نمائندگی کریں گی۔ یہ مقابلہ حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم کے انّوویشن سیل کا ایک اہم اختراعی پروگرام ہے، جو اے آئی سی ٹی ای کے اشتراک سے منعقد کیا جاتا ہے۔
ٹیم نیورا کا پروجیکٹ پارکنسنز، الزائمر اور مرگی جیسے اعصابی امراض کی بروقت تشخیص میں مدددینے کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیصی نظام سے تعلق رکھتا ہے، جب کہ ٹیم دی وژنرز نے مصنوعی ذہانت پر مبنی آئی او ٹی سسٹم تیار کیا ہے، جو روایتی سرکٹ بریکرز کا متبادل ہے اور لائن ٹوٹنے کی صورت میں لو ٹینشن بجلی کی لائنوں میں خرابی کی نشاندہی کرتاہے۔ یہ نظام خرابی کی شناخت، فوری شٹ ڈاؤن اور عوامی تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل نے دونوں ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی سطح کے اس مقابلے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس سے قبل کالج میں ستمبر 2025 میں ایک ہیکاتھون منعقد کیا گیا تھا، جس کی رہنمائی پروفیسر اکرم خان اور جناب محمد عمران نے کی، جس میں 23 ٹیموں نے شرکت کی۔ منتخب ہونے والی دونوں ٹیمیں اب اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون کے فائنل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ