
حیدرآباد، 15 دسمبر (ہ س)۔حیدرآباد میں مسلسل پیش آرہے قتل کے واقعات کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ تازہ واقعہ ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع پیراماؤنٹ کالونی کے گیٹ نمبر 3 کے قریب پیش آیا، جہاں ایک شخص کو بے رحمی سے قتل کر دیاگیا۔مہلوک کی شناخت عرفان کے طور پر کی گئی ہے، جسے نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا۔
جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، ٹولی چوکی پولیس فوری طور پر جائے واردات پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تفتیش شروع کی۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا عرفان کا کسی سے کوئی جھگڑا یا ذاتی دشمنی تو نہیں تھی۔ اسی سلسلے میں مہلوک کے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ عرفان کے کال ڈیٹا ریکارڈ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی مشتبہ رابطے کا سراغ مل سکے۔تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے پولیس نے پیراماؤنٹ کالونی اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالنی شروع کر دی ہے۔ جائے واردات سے شواہد اکٹھاکرنے کے لیے کلوز ٹیم کی مدد بھی لی جارہی ہے۔
عرفان کی لاش کو عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کر دیاگیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے موت کی وجوہات اور وقت کے تعین میں پولیس کو اہم مدد ملنے کی امید ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو علاقے میں کوئی مشتبہ شخص یا سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر اطلاع دیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ ایک بار پھر حیدرآباد میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے،تاہم پولیس نے یقین دلایاہے کہ عوام کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق