
علی گڑھ، 15 دسمبر (ہ س)۔
مولانا آزاد لائبریری کے لان میں دو روزہ کتب میلے کا افتتاح اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا۔ اس موقع پرطلبہ، ریسرچ اسکالرز اور فیکلٹی ممبران کثیر تعداد میں موجود تھے۔ میلے میں معروف قومی اور بین الاقوامی پبلشرز نے مختلف موضوعات اور زبانوں میں متنوع کتابیں پیش کی ہیں، جن میں ادب، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، بزنس و کامرس، پائیدار ترقی، ہیلتھ سائنسز، زراعت، توانائی، ماحولیات، موسمی تبدیلی، لائبریری و انفارمیشن سائنسز، معیشت، اور عمدہ حکمرانی جیسے موضوعات شامل ہیں۔
اسٹالز کا جائزہ لیتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ کتابوں میں ایک لازوال کشش ہوتی ہے جو تیز رفتاری سے ترقی پذیرٹکنالوجی کے باوجود بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلہ قارئین اور کتابوں کو ایک چھت کے نیچے لاتا ہے، جس سے علم اور اس کے متلاشیوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا ہے۔
یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے کہا کہ یہ میلہ طلبہ، محققین اور فیکلٹی ممبران کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنی دلچسپی کے موضوعات کی کتابیں دیکھ سکتے ہیں اور ان کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر حبیب الرحمٰن خان نے بتایا کہ اس سال منتخب پبلشرز اور وینڈرز کے پچاس سے زائد اسٹالز شامل ہیں، جو وزیٹرز اور پبلشرز کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور توقعات کی عکاسی کرتے ہیں۔ کتاب میلہ 16 دسمبر کی شام 6بجے تک جاری رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ