
جموں, 14 دسمبر (ہ س)شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) نے تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع مقدس گپھا کے یاتریوں کے لیے ایک ’سادھنا ککش‘ وقف کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس نئے ہال کا افتتاح بھون کے احاطے میں ویدک منتر وچار کے ساتھ کیا گیا، جس کا مقصد یاتریوں کے لیے روحانی ماحول کو مزید مضبوط بنانا اور درشن کے مواقع فراہم کرنا ہے۔شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سچن کمار ویشیا نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی کے مقدس گربھ گرہ کے قریب ’سادھنا ککش‘ کا قیام بورڈ کی اس وسیع کوشش کا حصہ ہے، جس کے تحت بھون میں روحانی سہولیات کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ لاکھوں عقیدت مند گہری عقیدت کے ساتھ یاترا پر آتے ہیں اور ایسے پرامن و پرسکون مقام کی دستیابی یاترا کے مجموعی روحانی تجربے کو مزید بہتر بناتی ہے۔
یہ ’سادھنا ککش‘ رام مندر کے نچلے تہہ خانے میں، بھون کے ایگزٹ کیو روٹ پر واقع ہے، جسے سادگی اور تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ تقریباً 1500 مربع فٹ پر مشتمل اس ہال میں ایک وقت میں قریب 170 یاتریوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ حکام کے مطابق ہال کے اندر مکمل خاموشی اور روحانی سکون کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
شرائن بورڈ نے ’سادھنا ککش‘ کے لیے تفصیلی رہنما اصول بھی جاری کیے ہیں، جن کے تحت یاتریوں کو مالا، گتھی اور دیگر بنیادی درشنی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ تاہم موبائل فون اور تمام الیکٹرانک آلات ہال کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ’سادھنا ککش‘ سال بھر روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک کھلا رہے گا۔قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں شرائن بورڈ نے یاتریوں کی سہولت اور روحانی اطمینان کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں نئی یگیہ شالہ کا قیام، اٹکا علاقے کی توسیع و تزئین، اور ایگزٹ کیو زون کی خوبصورتی شامل ہے، تاکہ یاترا کو محفوظ، آرام دہ اور روحانی طور پر مزید بامعنی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر