
علی گڑھ, 13 دسمبر (ہ س) شعبہ سنی دینیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالرز کی جانب سے پندرہ روزہ مقالہ خوانی پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی صدارت ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ قاسمی نے کی۔ پروگرام کے دوران ریسرچ اسکالرعبید اللہ طاہرفلاحی نے ”اسلام اور معاشی عدل“ پر اپنا مقالہ پیش کیاجس میں انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشی نظام انسانی معاشروں میں دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کے مسئلے کا متوازن اور جامع حل پیش کرتا ہے۔ اسلام کے نزدیک دولت اللہ کی امانت ہے اور انسان اس کا نگراں ہے، جس پر اجتماعی فلاح کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ زکاۃ، صدقات، وراثت اور سود کی ممانعت جیسے اصول دولت کے ارتکاز کو روکتے اور معاشی عدل کو یقینی بناتے ہیں۔ مقالہ نگار عظمیٰ نسیم نے ''قرآن اور بین المذاہب ہم آہنگی ''کے عنوان پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات سماجی استحکام اور عالمی امن کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی کو بنیاد قرار دیتی ہیں۔
ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ قاسمی نے کہا کہ دونوں مقالہ نگاروں نے بہت عمدہ طریقے پر اپنے خیالات کو پیش کیا۔انھوں نے کہاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کی تشریح وقت کی اہم ضرورت ہے اوراس کی نظیر ہمیں عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی ملتی ہے۔بین المذاہب ہم آہنگی کی جہاں اجازت ہے وہیں ایسے مواقع پر فراست بھی ضروری ہوتی ہے تاکہ اپنے دین و ایمان کا بھی تحفظ رہے۔انھوں نے کنوینر ریسرچ ایسوسی ایشن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ یہ پروگرام تسلسل کے ساتھ اور انہماک کے ساتھ کراتے آرہے ہیں اس کے لئے وہ قابل مبارکباد ہیں۔سابق صدر شعبہئ شیعہ دینیات پروفیسر طیب رضا نقوی نے بھی دونوں مقالہ نگاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں مقالوں کو وقت کی نزاکت کے پیش نظر غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
صدر شعبہ سنی دینیات پروفیسر محمد راشد اصلاحی نے اپنے خطاب میں تمام ریسرچ اسکالرز اور پروگرام کے منتظم اور دونوں مقالہ نگاران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقالہ خوانی کا یہ تسلسل شعبے کی علمی زندگی کی علامت ہے اور آج کے دونوں مقالے معاشرے کی ناگزیر ضروریات پر رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔پروگرام کی نظامت زاہد علی،کنوینر، ریسرچ ایسوسی ایشن نے کی، جبکہ آغاز ریسرچ اسکالر بدر عالم کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔اس موقع شعبہ دینیات کے استاذڈاکٹر حبیب الرحمن کے علاوہ کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ