
نئی دہلی، 13 دسمبر (ہ س)۔ پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے کی برسی پر، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہفتہ کو بہادر سیکورٹی اہلکاروں اور فرض شناس ملازمین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔
13 دسمبر 2001 کو جیش محمد اور لشکر طیبہ کے پانچ دہشت گردوں نے پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کیا۔ ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر نہ صرف ان کے منصوبے کو ناکام بنایا بلکہ ان سب کو ہلاک بھی کر دیا۔ اس حملے میں دہلی پولیس کے پانچ اہلکاروں، ایک خاتون کانسٹیبل اور دو سیکورٹی گارڈز شہید ہو گئے۔
اوم برلا نے ایکس پر کہا،’’ جمہوریت کے اس اعلیٰ ترین ادارے کی حفاظت کرتے ہوئے جنہوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں، ان لوگوں کے ہم ممنون ہیں ۔ قوم کے تئیں ان کی بے مثال عقیدت ہمیں مسلسل ترغیب دیتی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ان امر بہادروں نے جس بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا سامنا کیا وہ فرض شناسی، جمہوری اقدار اور ملک کے دفاع کے تئیں ہندوستان کی غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ ہندوستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہا ہے۔ یہ بے مثال قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ہمت، قربانی اور فرض شناسی کی ترغیب دیتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد