
منار ہدیٰ کری ایٹواسکول میں باصلاحیت طلبہ کی تلاش کے لیے اے ایم پی امتحان کا انعقاد
نئی دہلی،13دسمبر (ہ س )۔
منار ہدیٰ کری ایٹواسکول میں 13 دسمبر کو ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنل (AMP) کے زیرِ اہتمام ٹیلنٹ سرچ امتحان کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس امتحان کا انعقاد مکمل نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ انداز میں کیا گیا۔
اسرار عالم آزاد، بانی و ڈائریکٹرمنار ہدیٰ کری ایٹواسکول نے اس موقع پر بتایا کہ امتحان کی مجموعی نگرانی اور انتظامی ذمہ داریاں محترمہ فرحان ناز نے بحیثیت پرنسپل خوش اسلوبی سے انجام دیں، جس کے باعث امتحانی عمل نہایت منظم اور پرامن رہا۔
انہوں نے بتایا کہ آٹھویں جماعت سے لے کر گریجویشن کی سطح تک کل 122 طلبہ و طالبات نے اس سالانہ امتحان میں شرکت کی۔ اس امتحان کا بنیادی مقصد باصلاحیت طلبہ کی نشاندہی کرنا، ان کی رہنمائی کرنا، انہیں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرنا اور قومی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے تیار کرنا ہے۔
ڈائریکٹر اسرار عالم آزاد کے مطابق، امتحان ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنل کی جانب سے مقرر کردہ تمام رہنما اصولوں کے مطابق منعقد کیا گیا، جس سے اس کی شفافیت اور معیار برقرار رہا۔
منار ہدیٰ کری ایٹواسکول کی انتظامیہ نے طلبہ کے تعلیمی جوش و جذبے، نظم و ضبط اور امتحان میں بھرپور شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام شرکاءکو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نتائج کا بے صبری سے انتظار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے امتحانات طلبہ کے لیے مسابقتی ماحول میں تجربہ حاصل کرنے، خود اعتمادی بڑھانے اور مستقبل کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اسکول طلبہ کی تعلیمی و شخصی نشوونما میں مکمل تعاون کے عزم کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ