
مدھیہ پردیش میں سردی نے توڑے ریکارڈ، اندور پچمڑھی کی طرح سرد، بھوپال میں درجہ حرارت 7 ڈگری سے نیچے
بھوپال، 13 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اس مرتبہ شدید سردی کی گرفت میں ہے۔ ریاست کے کئی حصوں میں درجہ حرارت مسلسل گر رہا ہے اور سردی نے پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اندور میں جمعہ کی رات گزشتہ 10 برسوں کی سب سے سرد رات درج کی گئی، جہاں کم از کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ خاص بات یہ رہی کہ اندور کا درجہ حرارت ریاست کے واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی کے برابر پہنچ گیا۔
راجدھانی بھوپال میں بھی سردی کا اثر صاف نظر آیا۔ یہاں کم از کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس سے نیچے ہے۔ مسلسل چھ دنوں تک سرد لہر کے بعد جمعرات کو بھلے ہی تھوڑی راحت ملی، لیکن جمعہ کو پھر سے سرد ہواوں نے لوگوں کو گرم کپڑوں میں لپٹنے پر مجبور کر دیا۔ بھوپال، اندور، راج گڑھ، سیہور اور شاجاپور سمیت کئی اضلاع میں دن بھر سرد ہوائیں چلتی رہیں۔ دھوپ نکلنے کے باوجود شام ہوتے ہوتے سردی کا اثر اور بڑھ گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فی الحال اگلے 3 دنوں تک سرد لہر کا الرٹ نہیں ہے، لیکن سردی سے راحت ملنے کا امکان کم ہے۔ رات کے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آ سکتی ہے۔ جمعرات-جمعہ کی رات ریاست کے کئی شہروں میں پارہ 5 سے 10 ڈگری سیلسیس کے درمیان درج کیا گیا۔ بھوپال میں کم از کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری سیلسیس، گوالیار میں 9.1، اجین میں 9، جبل پور میں 8.4 ڈگری سیلسیس رہا۔ وہیں راج گڑھ میں 5.2، نوگاوں میں 6.4، امریا میں 6.6، ریوا میں 7، ملاج کھنڈ میں 7.2 اور منڈلا میں 7.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
موسم سائنسدانوں کے مطابق، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں ہو رہی برف باری کا اثر مدھیہ پردیش تک پہنچ رہا ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں کئی جگہ درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی ہندوستان کے اوپر سرگرم جیٹ اسٹریم بھی موسم کو متاثر کر رہی ہے۔ تقریباً 12.6 کلومیٹر کی اونچائی پر 204 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بہہ رہی یہ جیٹ اسٹریم مدھیہ پردیش میں سردی بڑھانے کا سبب بن رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ آنے والے دنوں میں دن کے درجہ حرارت میں ہلکا اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن راتیں فی الحال بے حد سرد بنی رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن