
نئی دہلی، 13 دسمبر (ہ س): اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے ہفتہ کو دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) میں امتحانات کے کنٹرولر کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ یونیورسٹی کے مختلف کالجز میں امتحانات کے آغاز میں تاخیر اور سوالیہ پرچے وقت پر نہ پہنچنے پر احتجاج کیا گیا۔
سوالیہ پرچوں کی تقسیم میں انتظامی غفلت کے باعث کئی کالجوں میں امتحانات وقت پر شروع نہیں ہو سکے۔ طلباء کو کئی گھنٹوں تک کوئی واضح معلومات نہیں ملی، جس کی وجہ سے وہ انتہائی ذہنی تناؤ، بے یقینی اور خوف کی حالت میں رہے۔ یہ صورتحال طلبہ کے لیے انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے۔
اے بی وی پی نے اس مسئلہ کو لے کر امتحانات کے کنٹرولر کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ اے بی وی پی کے مطالبات کو قبول کرتے ہوئے، امتحانات کے کنٹرولر نے یقین دلایا کہ جن طلبہ کے امتحانات اس تاخیر سے متاثر ہوئے ہیں، ان کے لیے دوبارہ امتحانات منعقد کیے جائیں گے، اور جلد ہی ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اے بی وی پی دہلی کے ریاستی سکریٹری سارتھک شرما نے کہا کہ امتحان جیسے نازک عمل میں اس طرح کی لاپرواہی طلباء کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے۔ امتحانات کے کنٹرولر نے اے بی وی پی کو یقین دلایا ہے کہ امتحان کو ایک مناسب تاریخ پر دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔
احتجاج کے دوران دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر آرین مان اور سکریٹری کنال چودھری سمیت بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی