
علی گڑھ, 13 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سرسبز اور ماحولیات دوست کیمپس میں شعبہ لینڈ اینڈ گارڈنز کے زیر اہتمام گل داؤدی، کولیئس اور گلاب کی دوروزہ سالانہ نمائش منعقد کی گئی۔ گلستان سید میں اس دو روزہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے دلکش پھولوں، مسحور کن خوشبو اور رنگوں کے حسین امتزاج والی نمائش کو سراہا۔انہوں نے کہا ”اے ایم یو کے سبزہ زار ہماری اجتماعی ذمہ داری کے عکاس جیتے جاگتے تعلیمی مراکز ہیں۔
اس طرح کے اقدامات نہ صرف کیمپس کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ طلبہ اور معاشرے میں ماحولیاتی شعور کو بھی فروغ دیتے ہیں“۔ پھولوں کی اس نمائش میں سات مختلف مسابقتی زمروں میں باغبانی کی مہارت کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ مجموعی طور پر 690 پرزنٹیشنز نمائش میں شامل ہیں۔ کلاس اے میں 47 گلاب کی انٹریز اور کلاس بی میں مالیوں، خواتین اور بچوں کی تیار کردہ 14 تخلیقی پھولوں کی تراتیب شامل تھیں۔ کلاس سی میں 245 دیدہ زیب کولیئس نمائش اور کلاس ڈی میں واحد اور دو اقسام پر مشتمل 93 گل داؤدی کی انٹریز شامل ہیں۔ کلاس ای میں کنگ اینڈ کوئین آف دی شو زمرے کے تحت 16 اعلیٰ درجے کے پھولوں کی انٹریز شامل ہیں۔ کلاس ایف میں کورین، بٹن، پام پون اور دیگر اقسام کے گل داؤدی کی 86 انٹریز، جبکہ کلاس جی میں 189 آرائشی پودے پیش کیے گئے ہیں۔
شعبہ لینڈ اینڈ گارڈنز کے ممبر انچارج پروفیسر انورشہزاد نے بتایا کہ اس نمائش میں یونیورسٹی کے مختلف حلقوں کی بھرپور نمائندگی ہے، جن میں وائس چانسلر لاج، پرو وائس چانسلر لاج، رجسٹرار لاج، گیسٹ ہاؤس نمبرایک، دو اور تین، مولانا آزاد لائبریری، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، کینیڈی ہال، شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ، اے ایم یو گرلز اسکول، ایس ایس ہال (ساؤتھ)، وی جی نرسری، ایڈمنسٹریٹیو بلاک، ایس ایس ہال مسجد، سر سید ہاؤس، گلستانِ سید، البرکات پبلک اسکول اور دیگر ادارے شامل ہیں۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے متعدد اعلیٰ عہدیداران، ڈین، چیئرمین، ممبر انچارج، پرووسٹ اور اساتذہ موجود رہے۔ 14 دسمبر کو نمائش کا اختتام ہوگا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ