
علی گڑھ, 12 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے گلستانِ سید میں 13 اور 14 دسمبر کو سالانہ گل داؤدی، کولیئس اور گلاب کی نمائش منعقد ہوگی، جس میں موسمِ سرما کے دلکش پھول اور آرائشی پودے نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون 13 دسمبر کو صبح 10:30 بجے نمائش کا افتتاح کریں گی۔ نمائش 13 دسمبر کو ساڑھے گیارہ بجے دن سے شام 5 بجے تک اور 14 دسمبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔ سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز 14 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے گلستانِ سید میں تقسیم انعامات تقریب کی صدارت کریں گے۔ شعبہ لینڈ اینڈ گارڈنز کے ممبر انچارج پروفیسر انور شہزاد نے بتایا کہ مقامی ادارے، اسکول، کالج، کلب، سوسائٹیاں اور افراد اس نمائش کے مقابلہ جاتی زمروں میں حصہ لیتے ہیں۔ جو افراد اپنی نمائش کے لیے پھول یا پودے جمع کرانا چاہتے ہیں، وہ 12 دسمبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان گلستانِ سید میں جمع کرا سکتے ہیں۔ کٹ فلاورز کی انٹری 13 دسمبر کو صبح 7 بجے سے 8 بجے تک قبول کی جائے گی۔ قواعد و ضوابط، شرائط اور دیگر تفصیلات پر مشتمل کتابچہ شعبہ لینڈ اینڈ گارڈنز، اے ایم یو کے دفتر سے دفتری اوقات میں یعنی صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک حاصل کیا جا سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ