
وارانسی، 11 دسمبر (ہ س):۔
ملک کے پہلے ہائیڈروجن سے چلنے والے واٹر ٹیکسی کو جمعرات کو اتر پردیش کے مذہبی شہر وارانسی (کاشی) میں دریائے گنگا پرروانہ کیا گیا۔
مرکزی وزیر سربانند سونووال نے نموگھاٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں جہاز کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال جل یان (واٹر ٹیکسی) پر سوار ہوکر للیتا گھاٹ گئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت آموزقیادت میں، ہندوستان خود انحصار نقل و حمل کے نظام کی طرف تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ یہ کامیابی وزیر اعظم مودی کی میک ان انڈیا کے عزم اور گرین ٹرانسپورٹیشن کی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ جہاز گرین ٹرانسپورٹیشن کے اگلے دور کو پیش کرے گا۔ آبی گزرگاہوں پر صاف ستھری ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر، ہم نہ صرف اختراع کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ ترقی ماحول کے حوالے سے ہماری ذمہ داری کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ آج کی کامیابی ہماری قوم کے لیے ایک سرسبز اور خوشحال سمندری مستقبل کی تعمیر کے لیے وزیر اعظم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس سے قبل ملک میں پانچ قومی آبی گزرگاہیں تھیں جو اب بڑھ کر 111 ہو گئی ہیں۔ اس وقت کارگو اور مسافر بردار بحری جہاز 32 آبی گزرگاہوں پر کام کر رہے ہیں۔ کروز کل 13 قومی آبی گزرگاہوں پر کام کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کو ریاستی ٹرانسپورٹ کے وزیر (آزادانہ چارج) دیاشنکر سنگھ، سٹیمپس اور کورٹ فیس کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) رویندر جیسوال، آیوش کے وزیر (آزادانہ چارج) ڈاکٹر دیاشنکر مشرا دیالو، بندرگاہوں اور آبی گزرگاہوں کے محکمے کے سکریٹری وجے کمار، اور آئی ڈبلیو اے آئی کے چیئرمین سنیل پالیوال نے بھی خطاب کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ