
سورت، 11 دسمبر (ہ س)۔ گجرات کے سورت میں راج ٹیکسٹائل مارکیٹ میں لگی آگ پر تقریباً 20 گھنٹے کے بعد آخر کار فائر بریگیڈ نے قابو پالیا ہے۔ واقعہ میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکسترہو گیا۔ تاہم آگ لگنے سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔
آگ لگنے کی اطلاع بدھ کی صبح تقریباً 7:15 بجے ملی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو فوری طور پر روانہ کر دیا گیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ محکمہ فائر بریگیڈ کے 17 فائر اسٹیشنوں نے 15 واٹر ٹینکرز، ایک بوم مانیٹر، چار مین واٹر ٹینکرز، ایک ٹرن ٹیبل سیڑھی، دو ہائیڈرولک پلیٹ فارم، ایک کیو آر ٹی گاڑی، ایک فائر انجن، ایک بی اے وین اور تین ایمبولینسوں کے ساتھ جائے وقوعہ پرپہنچی۔
آگ بجھانے میں کل 4 ڈپٹی چیف فائر آفیسرز، 5 ڈویژنل آفیسرز، 1 فائر آفیسر، 8 ڈپٹی آفیسرز اور 120 سینئر فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار شامل تھے۔ مجموعی طور پر 140 افسران و ملازمین مصروف عمل تھے۔ آپریشن کے دوران، تین فائر فائٹرز بے ہوش ہو گئے، اور ایک فائر فائٹر کی ٹانگ جھلس گئی۔ فائر فائٹنگ اور مکمل کنٹرول آپریشن تقریباً 20 گھنٹے جاری رہا جس میں تقریباً 2 ملین لیٹر پانی استعمال ہوا۔
ڈپٹی چیف فائر آفیسر ایشور پٹیل نے بتایا کہ آگ مارکیٹ کی لفٹ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ آگ براہ راست لفٹ سے اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی۔ ابتدا میں آگ تیسری منزل پر لگی اور پھر ساتویں اور آٹھویں منزل تک پھیل گئی۔ ہوا کی وجہ سے آگ مزید شدید ہو گئی۔
دیر شام تک آگ پر قابو پا لیا گیا اور 2:30 بجے تک مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔ تاجروں نے گزرگاہ پر ضرورت سے زیادہ ذخیرہ کر رکھا تھا، جس سے آگ بجھانے کی کوششوں میں تاخیر ہوئی۔ ساتھ ہی دکان ڈبل فلو رہونے کی وجہ سے پانی کی بوچھار نہیں پہنچ پا رہی تھی۔ کھڑکیوں پر جالی اور گرلز بھی لگی تھیں، جس سے دھواںباہر نہیں نکل پا رہا تھااور آگ پر قابو پانے کے لئے پریشانی ہو رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد