
نئی دہلی، 10 دسمبر (ہ س)۔ پرانی دہلی کے آصف علی روڈ پر واقع ہمدرد ڈسپنسری کی عمارت میں بدھ کی دوپہر اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی موقع پر کہرام مچ گیا۔ عمارت میں موجود لوگ کسی طرح بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس دوران پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کو معاملے کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ بعد ازاں آگ پر کسی طرح قابو پالیا گیا۔ آگ پہلی منزل پر میڈیسن پیکنگ یونٹ میں لگی۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
فائر بریگیڈ کے مطابق بدھ کی سہ پہر 3 بج کر 3 منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی کہ آصف علی روڈ پر واقع ہمدرد دواخانہ بلڈنگ میں آگ لگ گئی ہے۔ وہاں کئی لوگ موجود تھے۔ کملا مارکیٹ پولیس اسٹیشن اور قریبی عملہ فوراً پہنچ گیا۔ پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے پہنچنے سے پہلے ہی لوگوں نے عمارت کو خالی کرالیا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی