
ممبئی،
10 دسمبر (ہ س)۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بدھ کو قانون ساز
اسمبلی کو بتایا کہ گزشتہ چھ برسوں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی تعداد 30 لاکھ
سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 2021 تا 2023 کے دوران ریاست میں کم از کم 30 شہری ریبیز
کے باعث ہلاک ہوئے۔
وہ
ناگپور میں منعقدہ سرمائی اجلاس میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم ایل اے سنیل پربھو
کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ پربھو نے کہا کہ بڑے شہروں—ممبئی، پونے، ناگپور اور
کلیان ڈومبیوالی—میں آوارہ کتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ان کے حملوں نے شہریوں میں
خوف و تشویش پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اس مسئلے کا مؤثر حل پیش کرنے کا
مطالبہ کیا۔
شندے نے
جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں
نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر بلدیاتی اداروں کو سپریم کورٹ کی اگست 2024 کی
ہدایات کے مطابق اینیمل برتھ کنٹرول پروگرام اور اینٹی ریبیز ویکسینیشن مہم کو تیز
کرنے کے احکام جاری کیے گئے ہیں۔ 14 نومبر کو شہری اداروں اور 27 نومبر کو دیہی
بلدیاتی اداروں کو مراسلے بھیجے گئے۔
انہوں
نے مزید کہا کہ اینمل برتھ کنٹرول قانون سے ریاست بھر میں نافذ العمل ہیں اور مارچ
2024 کے سرکاری احکام کے بعد ان پر سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے۔ ریبیز اموات کے
معاوضے اور آوارہ کتوں کی آبادی کے انتظام سے متعلق اعتراضات پر شندے کا کہنا تھا
کہ فی الوقت ایسے امور پیدا نہیں ہوتے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے