
بھوپال، 10 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کی شہری ترقیات اور ہاوسنگ کی وزیر مملکت پرتیما باگری کے بھائی انل باگری کو گانجہ اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے بعد سے ہی کانگریس وزیر مملکت کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اسی کو لے کر کانگریس رہنماوں نے بدھ کو راجدھانی بھوپال کے 74 بنگلہ واقع وزیر پرتیما باگری کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا اور باہر لگی نیم پلیٹ پر سیاہی پوت دی۔
بھوپال ضلع شہر یوتھ کانگریس کے صدر امت کھتری کی قیادت میں پارٹی کارکنان بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے 74 بنگلے علاقے واقع پرتیما باگری کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچے اور وہاں لگی نیم پلیٹ پر سیاہی پوت دی۔ مظاہرے کا پتہ چلتے ہی پولیس نے وزیر کے بنگلے کی سیکورٹی بڑھاتے ہوئے بیریکیڈنگ کر دی تھی۔ اس کے بعد امت کھتری، یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری پرنس نوانگے، انیس شرما اور موہن روڈیلے سمیت دیگر کارکنان نے ’پرتیما باگری استعفیٰ دو‘ اور ’موہن سرکار مردہ باد‘ کے نعرے لگائے۔ اس سے ایک دن پہلے منگل کو بھی کانگریس کارکنان نے باگری کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا تھا۔
ادھر، وزیر مملکت پرتیما باگری نے گانجہ اسمگلنگ کے الزام میں پکڑے گئے بھائی انل باگری اور بہنوئی شیلیندر سنگھ سے پلہ جھاڑ لیا ہے۔ کھجوراہو میں منگل کو کابینہ کی میٹنگ کے دوران میڈیا نے جب ان سے سوال کیے تو وہ یہ کہہ کر کنارہ کر گئیں کہ- ’’کوئی بھی اپنے آپ سے رشتہ دار بنا لیتا ہے۔ میری درخواست ہے کہ پہلے آپ اس کی تصدیق کر لیں۔ حقائق کی معلومات کے بعد ہی بات کریں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن