
سیکر، 10 دسمبر (ہ س)۔ جے پور-بیکانیر نیشنل ہائی وے پر فتح پور کے پاس منگل دیر رات پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں سلیپر بس اور ٹرک کی آمنے سامنے کی ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں 3 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ بس کنڈکٹر کو سنگین حالت میں جے پور ریفر کیا گیا ہے۔ حادثے میں کل 28 مسافر زخمی ہوئے، جن میں 6 کی حالت سنگین ہے۔
پولیس کے مطابق بس بیکانیر سے جے پور کی جانب آ رہی تھی، جبکہ ٹرک جھنجھنوں کی جانب سے بیکانیر کی طرف جا رہا تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ تیز رفتار ٹرک سیدھے بس میں گھس گیا، جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور بس کا کیبن بری طرح تباہ ہو گیا۔ کیبن اور اس کے پیچھے بیٹھے مسافر سب سے زیادہ زخمی ہوئے۔ کئی زخمیوں کے جسم میں کانچ اور میٹل کے ٹکڑے دھنس گئے۔
حادثے میں بس مسافر مینک، ڈرائیور کملیش اور ایک نامعلوم شخص کی موت ہو گئی۔ سنگین طور پر زخمی کنڈکٹر متیش کو ایس کے ہاسپیٹل، سیکر سے جے پور ریفر کیا گیا۔ زخمیوں میں 28 لوگوں کو فتح پور اسپتال لایا گیا، جن میں سے 7 کو سنگین حالت میں سیکر ریفر کیا گیا ہے۔ باقی کا علاج فتح پور اسپتال میں چل رہا ہے۔
فتح پور صدر تھانہ انچارج سریندر دیگڑا کے مطابق بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے، جو گجرات کے ولساد ضلع کے رہائشی ہیں۔ سبھی ویشنو دیوی سے درشن کر لوٹ رہے تھے اور کھاٹو شیام جی جا رہے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، زخمی مسافروں کو اسپتال پہنچایا اور ٹریفک کو بحال کرایا۔ پولیس حادثے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن