

بھوپال، 10 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع میں منگل کی علی الصبح تقریباً 4 بجے نیشنل ہائی وے پر باندری اور مالتھون کے درمیان خوفناک سڑک حادثے میں مرینا بم ڈسپوزل اور ڈاگ اسکواڈ کے 4 جوانوں کی جان چلی گئی۔ ایک دیگر جوان سنگین طور پر زخمی ہے، جس کا بھوپال میں علاج جاری ہے۔ حادثے میں پولیس گاڑی پوری طرح تباہ ہو گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مرینا سے اسپیشل ڈیوٹی پر نکلی بم ڈسپوزل اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم کی گاڑی ساگر کی طرف جا رہی تھی۔ علی الصبح گھنا اندھیرا اور ہائی وے پر تیز رفتار گاڑیوں کی آمد و رفت کے درمیان یہ پولیس گاڑی سامنے سے آ رہے ایک کنٹینر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ پولیس گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور 4 جوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس اور انتظامیہ کو دی۔ بچاو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی جوان کو گاڑی سے نکال کر فوری علاج کے لیے بھیجا۔
حادثے میں جن جوانوں کی جان گئی ہے ان میں کانسٹیبل پردیومن دیکشت (رہائشی مرینا)، کانسٹیبل امن کورو (مرینا)، ڈرائیور پرم لال تومر (مرینا) اور ڈاگ ماسٹر ونود شرما (رہائشی بھنڈ) شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی کانسٹیبل راجیو چوہان کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ انہیں ابتدائی علاج کے بعد بھوپال کے بنسل اسپتال ریفر کیا گیا۔ حادثے کے وقت گاڑی میں موجود ڈاگ اسکواڈ کا تربیت یافتہ ڈاگ پوری طرح محفوظ ہے۔
مقامی پولیس کے ذریعے ابتدائی جانچ میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تیز رفتار یا اچانک سامنے سے آئی گاڑی کی وجہ سے پولیس کار بے قابو ہوگئی اور کنٹینر سے جا ٹکرائی۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور کنٹینر کے ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ساگر پولیس کے سینئر افسران، انتظامی افسران اور فارینسک ٹیم فوراً موقع پر پہنچی۔ ہائی وے پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک بھی روکنا پڑا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن