
نئی دہلی، 10 دسمبر (ہ س)۔ حکومت نے بدھ کو لوک سبھا کو بتایا کہ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت ملک بھر میں 160 ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین کا کام مکمل ہو چکا ہے۔وقفہ سوالات کے دوران تلنگانہ کے عادل آبادسے بی جے پی کے رکن گوڈم ناگیش کے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی سہولیات سے متعلق سوال پر، ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ ملک میں سات ہزار سے زیادہ ریلوے اسٹیشن ہیں، جن کی درجہ بندی فٹ فال، ٹرین کی نقل و حرکت اور مصروفیت کی بنیاد پر این ایس جی-1 سے این ایس جی-6 تک کی جاتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل پر شروع کیا گیا امرت بھارت اسٹیشن پروجیکٹ آج دنیا کا سب سے بڑا اسٹیشن کی تزئین و آرائش کا پروگرام ہے۔ اس منصوبے کے تحت 1300 سے زائد اسٹیشنوں پر تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، جن میں سے 160 اسٹیشن مکمل طور پر تیار ہو چکے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ جب کہ پہلےصرف رنگ و روغن کوہی اسٹیشن کی ترقی سمجھا جاتا تھا،لیکن اب 50 برسوں کی مستقبل کی ضروریات کے مدنظر ایک جامع ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں مقامی فن تعمیر، دونوں اطراف سے اسٹیشن تک آسان رسائی، جدید فٹ برج، بڑے مسافر ہال، پارکنگ ایریا کی ترقی اور اسٹیشن تک بہتر رسائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چھٹھ اور دیوالی کے دوران مسافروں کی بھیڑ کو منظم کرنے کے لیے نئی دہلی اسٹیشن سے شروع کئے گئے بڑے ہولڈنگ ایریا کے نظام کو 50-60 اسٹیشنوں تک توسیع دی گئی، جس سے مسافروں کو کافی سہولت ملی۔
وزیر نے زور دے کر کہا کہ کہ حکومت انتہائی سنجیدہ اور منظم کوششوں کے ساتھ ملک کے ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنانے کی سمت کام کر رہی ہے، جس سے مسافروں کو محفوظ، آسان اور بہتر سفری تجربہ فراہم ہو سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد