ایل جی نے کٹھوعہ اور سانبہ میں حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 449 نئے گھروں کا سنگ بنیاد رکھا
جموں, 10 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کا دورہ کیا اور حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 449 نئے مکانات کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے کا مقصد متاثرہ گھروں کی بحالی اور محفوظ رہائشی
LG


جموں, 10 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کا دورہ کیا اور حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 449 نئے مکانات کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے کا مقصد متاثرہ گھروں کی بحالی اور محفوظ رہائشی سہولیات کو یقینی بنانا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کٹھوعہ میں مکمل طور پر تباہ ہوئے 344 گھروں کی دوبارہ تعمیر پر 34 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ سانبہ میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ 105 گھروں کی تعمیرِ نو پر 10.50 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ تین کمروں پر مشتمل یہ تمام مکانات ایک غیر سرکاری تنظیم ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی مالی معاونت سے تعمیر کیے جائیں گے، جو مکینوں کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مذکورہ سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے لیے جو قدم اٹھایا ہے، وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ہم ان کی ہر جائز ضرورت پوری کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوسائٹی کے تعاون سے نئے مکانات کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کی شمولیتی ترقی کے عزم کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اگر کوئی مستحق رہ گیا ہو تو اسے بھی فہرست میں شامل کیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس مہم کے پہلے مرحلے میں 1500 جدید، تین کمروں پر مشتمل، پری فبریکیٹڈ اسمارٹ ہاؤسز تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ مکانات مستقبل کے موسمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے زیادہ مضبوط بنائے جائیں گے، جن میں سرحدی دیواریں اور گاؤشیڈ جیسی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔ تعمیراتی کام کی تکمیل چھ ماہ کے اندر متوقع ہے۔

ایچ آر ڈی ایس انڈیا آئندہ 15 برس تک تمام مکینوں کے لیے مفت لائف انشورنس اور ہر خاندان کے لیے سالانہ مفت ہیلتھ چیک اپ بھی فراہم کرے گی، جبکہ پانچ سال تک گھروں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی اسی ادارے کے پاس ہوگی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کٹھوعہ اور سانبہ سمیت جموں و کشمیر کے مختلف شعبوں میں 2019 کے بعد ہونے والی تیز رفتار ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیاری زندگی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر بنیادی ڈھانچہ، تعلیم، صحت، روزگار، مساوی مواقع اور سماجی انصاف ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ہم نے جامع ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے امدادی اور بچاؤ کارروائیوں میں شامل ضلعی انتظامیہ، پولیس، فوج، سی اے پی ایف، ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔سرکاری اعداد کے مطابق کٹھوعہ کے متاثرہ خاندانوں کو 8.22 کروڑ روپے جبکہ سانبہ میں 1.38 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی گئی۔

کٹھوعہ کے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لیے جدید انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا۔ ضلع انتظامیہ نے کارپوریٹ اداروں کے اشتراک سے اسٹیڈیم کے ساتھ آؤٹ ڈور باسکٹ بال اور والی بال کورٹ بھی تعمیر کیے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande