
جموں, 10 دسمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر پولیس نے دو اہم کارروائیوں کے دوران مختلف ریاستوں کو مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس ٹیموں کے حوالے کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں پنجاب کے ڈیرہ بسی پولیس اسٹیشن کو مطلوب سجاد ملک سکنہ لوہائی ملہار، کو کٹھوعہ کے بلاور علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف پوکسو ایکٹ کی دفعہ 7 اور سیکشن 137(2) کے تحت مقدمہ درج ہے۔ یہ مقدمہ 20 جون کو اس وقت قائم ہوا جب ایک شخص نے اپنی 16 سالہ بہن کے اغوا کی شکایت درج کرائی تھی۔ پنجاب پولیس کی جانب سے موصولہ درخواست کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ دہلی، راجستھان، ہماچل پردیش اور پنجاب میں بھی چھاپے مارے، جس کے بعد ملزم کو بلاور کے مچھیڑی گاؤں سے گرفتار کرکے قانونی کارروائی مکمل ہونے پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں ڈوڈہ پولیس نے ویسٹ بنگال پولیس کی مدد کرتے ہوئے اے ٹی ایم چوری کے متعدد معاملات میں ملوث 32 سالہ سپت سکنہ ہریانہ کو کھیلنی علاقے سے گرفتار کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم ہاوڑہ (ویسٹ بنگال) میں 34 لاکھ روپے کی اے ٹی ایم چوریوں میں ملوث تھا اور اس کی موجودگی ڈوڈہ میں ٹریس ہونے کے بعد کارروائی کی گئی۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے مخصوص معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ویسٹ بنگال پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں کارروائیاں بین الاضلاعی اور بین الریاستی تعاون کی عمدہ مثال ہیں، جن کے ذریعے ملزمان کو قانون کے کٹہرے تک پہنچایا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر