
نئی دہلی، 10 دسمبر (ہ س)۔
مرکزی وزارت صحت نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے بدھ کو دہلی کے سلطان پور میٹرو اسٹیشن پر خواتین اور لڑکیوں کی صحت اور بہبود پر مرکوز ایک ماہ طویل خصوصی مہم شروع کی۔ یہ مہم دسمبر سے جنوری تک مختلف میٹرو ٹرینوں اور منتخب اسٹیشنوں میں وسیع بیداری سرگرمیوں کی شکل میں چلائی جائے گی۔
اس مہم کے تحت خواتین کی حفاظت، ذہنی صحت، ڈیجیٹل شمولیت، پی سی اور پی این ڈی ٹی ایکٹ، اور ٹی بی کے خاتمے جیسے اہم موضوعات پر پیغامات دکھائے جائیں گے، تاکہ روزانہ میٹرو استعمال کرنے والی لاکھوں خواتین اور لڑکیوں کو ان اہم مسائل سے آگاہ کیا جا سکے۔
پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے، مرکزی صحت سکریٹری پنیا سلیلا سریواستو نے کہا کہ دہلی میٹرو جیسے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا استعمال ان پیغامات کو تیزی سے اور مو¿ثر طریقے سے پھیلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف بیداری میں اضافہ ہوگا بلکہ شہر بھر کی خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد دارالحکومت میں مسافروں کے درمیان صحت سے متعلق اہم مسائل پر بات چیت کو بڑھانا اور خواتین کے لیے ایک محفوظ، باخبر اور معاون ماحول پیدا کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ