ڈی سی پی ساؤتھ زون نے کیا جامعہ نظامیہ کا دورہ، ادارے کی کارکردگی سے ہوئے بے حد متاثر
DCP South Zone visited Jamia Nizamiya, was very impressed with the institution's performance
ڈی سی پی ساؤتھ زون نے کیا جامعہ نظامیہ کا دورہ، ادارے کی کارکردگی سے ہوئے بے حد متاثر


حیدرآباد، 10 دسمبر (ہ س) ۔ ساؤتھ زون کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سری کرن کھیرے، آئی پی ایس نے 150 سالہ قدیم اسلامی تعلیمی ادارے جامعہ نظامیہ،حیدرآباد کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے مولانا مفتی خلیل احمد (چانسلر جامعہ نظامیہ) سے ملاقات کی اور ادارے کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ ڈی سی پی نے جامعہ کے انتظامیہ، فیکلٹی اور کمیٹی ممبران سے بھی ملاقات کی اور ادارے کے تعلیمی ماحول، طلبا کی کارکردگی اور نئے تعلیمی تقاضوں پرتبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نظامیہ نہ صرف مذہبی و دینی علوم کا مرکز ہے بلکہ یہ ادارہ بھائی چارہ، اخلاق اور امن کا پیغام بھی دیتا ہے۔ڈی سی پی کرن کھیرے نے گفتگو میں کہا کہ انہیں جامعہ کا چار ایکڑ پر مشتمل خوبصورت کیمپس دیکھ کر بے حدخوشی ہوئی۔ انہوں نے اس بات پر خاص طور پراظہارِ مسرت کیاکہ جامعہ میں سات سو سال پرانی کتابوں سے لے کر جدید نصابی کتابیں بھی محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نظامیہ کی لائبریری میں اسلامی علوم، فقہ، حدیث، قرآن کے علاوہ مہابھارت اور راماین کی قیمتی کتابیں بھی موجود ہیں جو اس ادارے کی علمی عظمت کا ثبوت ہیں۔ڈی سی پی نے کہاکہ جامعہ نظامیہ ساؤتھ زون پولیس کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرتی رہی ہے اور شہر میں امن و امان کے قیام میں ادارے کا کردارقابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کے لیے تعلیم کی ضرورت سب سے اہم ہے۔اپنی گفتگو میں انہوں نے نوجوانوں کوپیغام دیتے ہوئے کہاکہ وہ منشیات، گانجہ،اوردیگر غلط رجحانات سے دور رہیں اوراپنی توجہ تعلیم، روزگار اور بہتر مستقبل کی طرف مرکوز کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ حیدرآباد کااولڈ سٹی ایک ماڈل سٹی بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور عوام کی مشترکہ کوششیں اسے مزید ترقی دے سکتی ہیں۔جامعہ کے عہدیداران، جن میں صدر، سیکرٹری اور چیئرمین شامل تھے، نے ڈی سی پی کا خیرمقدم کیا اور جامعہ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande