
نئی دہلی، 10 دسمبر (ہ س)۔ ہندوستانی باکسنگ کی تاریخ میں پہلی بار سینئر ایلیٹ مینز اور ویمنز نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ ایک ساتھ منعقد کی جائیں گی۔ یہ مقابلہ 31 دسمبر سے 6 جنوری 2026 تک گوتم بدھ یونیورسٹی، گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہوگا۔ اس ایونٹ میں ملک بھر سے سرفہرست مرد اور خواتین مکے باز ایک ہی پلیٹ فارم پر مقابلہ کرتے نظر آئیں گے۔
مردوں کے زمرے میں، سروسز کی تیم دفاعی چیمپئن کے طور پر اترے گی ، جبکہ خواتین کے زمرے میں ریلوے اپنے خطاب کا دفاع کرتی نظر آئے گی۔ مقابلے کے لیے باضابطہ قرعہ اندازی 30 دسمبر کو ہوگی، جس کے ساتھ ہی، ہندوستان کے اگلے ہائی پرفارمنس سائیکل کی شروعات ہوگی۔
باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کی اکائیاں مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں 10 ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لیں گی۔ ہر یونٹ کے ہروزن کیٹیگری میں صرف ایک باکسر کو میدان میں اتارنے کی اجازت ہوگی اور کسی بھی زمرے میں ریزرو کھلاڑی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں وہی مکے باز حصہ لے سکیں گے ، جن کی پیدائش یکم جنوری 1985 سے 31 دسمبر 2006 کے درمیان ہے۔
تمام باؤٹس بین الاقوامی مقابلے کے فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے، جن میں تین تین منٹ کے تین راؤنڈ ہوں گے۔ راونڈزکے درمیان ایک منٹ کا وقفہ ہوگااور مقابلوں کا فیصلہ10 پوائنٹ مسٹ- اسکورنگ سسٹم کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے بی ایف آئی کے صدر اجے سنگھ نے کہا،’’ایک مضبوط نظام ہی طویل مدتی کامیابی کی بنیاد ہوتاہے اور قومی چیمپئن شپ اسی سسٹم کا حقیقی آغاز ہے۔ یہ پلیٹ فارم کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرتا ہے،ہنر کو سامنے لاتا ہے اور قومی کیمپ کو منصفانہ راستہ فراہم کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ورلڈ باکسنگ کپ کے فائنلز میں ہماری حالیہ کامیابی اس نظام کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ آنے والے چیلنجوں کے پیش نظر یہ چیمپئن شپ ان کھلاڑیوں کی شناخت اور تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی جو مستقبل میں قوم کی امیدوں کو لے کر چلیں گے۔‘‘
غور طلب ہے کہ ورلڈ باکسنگ کپ کے فائنل میں چمکنے والے ہندوستان کے کئی اسٹار باکسروں نے قومی چیمپئن شپ میں اپنا سفر شروع کیاتھا۔ ورلڈ باکسنگ کپ فائنل میں گولڈ میڈل جیتنے والے سچن سیواچ اور ہتیش گلیا پہلے قومی چیمپئن رہ چکے ہیں۔ موجودہ عالمی چیمپئن میناکشی اور جیسمین نے بھی انہی مقابلوں کے ذریعہ اپنی شناخت بنائی۔
لاس اینجلس 2028 اولمپک سائیکل کی طرف بڑھتے بین الاقوامی کیلنڈر کےدرمیان، یہ قومی چمپئن شپ ایک بار پھر ہندوستان کے ایلیٹ باکسنگ پروگرام کے لیے گیٹ وے ثابت ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد