
گوتم بدھ نگر، 10 دسمبر (ہ س)۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی غیرقانونی کام اتر پردیش میں ہو رہے ہیں،سب بی جے پی کےلوگ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر دوسرے کچھ کرتے ہیں تو بلڈوزر استعمال کیا جاتا ہے۔جب سے کھانسی کے سیرپ کا معاملہ آیا ہے، بلڈوزر کا ڈرائیور بلڈوزر کی چابیاں چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے۔ اب وزیر اعلیٰ کے پاس نہ ڈرائیور ہے نہ چابی۔
سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو یہاں ایک پروگرام میں حصہ لینے آئے تھے۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بلڈوزر کے ذریعے انصاف ملتا تھا۔ اب بلڈوزر کیوں نہیں چل رہا ہے؟ اب بلڈوزر اس لئے نہیں چل رہا کیونکہ کھانسی کےسیرپ کے معاملے اقتدار اعلی میں بیٹھے لوگوں کی ذات کے لوگ ہی ملوث ہیں ۔ اس کیس کی تفتیش جس سے کروائی جا رہی ہے، وہ بھی انہی کی ذات کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھانسی کےسیرپ کیس میں ایس ٹی ایف کے لوگ بھی ملوث تھے۔ اس لیے جب سے اس معاملے میں بی جے پی کے لوگوں کے نام آئے ہیں، بلڈوزر کا ڈرائیور چابیاں لے کر فرار ہو گیا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اتر پردیش میں ہونے والی تمام غیر قانونی سرگرمیاں بی جے پی کے لوگ کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی درانداز نہیں ہے۔ اگر بی جے پی حکومت کے 11 سال بعد بھی دراندازوں کا پتہ لگایا جا رہا ہے تو حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے ایس آئی آر کی بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے والے یا درکھیں کہ اگر ووٹ نہیں بنے گاتو ان کا آدھار کارڈ گیا۔ ریزرویشن کا فائدہ بھی نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریزرویشن چھینے جا رہے ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، ڈالر کا ریٹ بڑھتا جا رہا ہے، معیشت تباہ ہو رہی ہے، صنعتیں نہیں لگ رہی ہیں۔
فلم سٹی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بی جے پی حکومت میں کئی فنکار ہیں۔ انہیں فلم سٹی کی کیاضرورت ہے؟ ہم اور ملک کے عوام بیلٹ کے ذریعے ووٹ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے جو سب سے بڑی اصلاحات کی جا سکتی ہیں ،وہ بیلٹ ووٹنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے جتنے ترقی یافتہ ملک ہیں، خواہ وہ امریکہ، جرمنی، جاپان اور دیگر ممالک بیلٹ پیپر کو اپنا رہے ہیں کیونکہ ان کے ممالک میں بھی ای وی ایم پر سوالات اٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمن سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اگر ای وی ایم سے ووٹنگ ہوتی ہے تو اس کو غیر آئینی سمجھا جائے گا۔ جب بیرون ملک بھی ای وی ایم پر سوال اٹھ رہے ہیں تو ہندوستان میں ای وی ایم کو ہٹانے میں کیا حرج ہے؟ انہوں نے کہا کہ کئی ضمنی انتخابات میں پولیس نے پرائیویٹ یونیفارم پہن کر ووٹ ڈالے ہیں۔ اگر میری بات غلط ہے تو الیکشن کمیشن پولنگ بوتھ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائے۔
سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش نے کہا کہ اپوزیشن کی فعالیت سے بی جے پی کی نیندیں حرام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ الزام لگا رہے ہیں کہ سماج وادی پارٹی کے لوگوں نے اپنا ووٹ بنوا لیا ہے، یہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اقتدار میں ہیں، انہی کے افسران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الرٹ ہیں اور وہ اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس لیے عام لوگ اپنے ووٹ کا اندراج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وندے ماترم، انقلاب زندہ باد، جے ہند جیسے نعرے دے کر بھگت سنگھ، مہاتما گاندھی، سبھاش چندر بوس سمیت ملک کے عظیم انقلابیوں نے آزادی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ان نعروں کے ساتھ ہر جگہ تنازعہ ڈھونڈ تی ہے۔ یہ قوم پرست جماعت نہیں بلکہ قومی تنازعہ والی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم دریائے گنگا کو صاف کرنا چاہتے ہیں۔ گنگا تو صاف نہیں ہوئ لیکن گنگا صفائی کے بجٹ کو صاف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو وہ نوئیڈا کے کسانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے پی-20 کرکٹ میچ کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پورا کرکٹ کمرشیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت کے دوران نوئیڈا میں کرکٹ گراؤنڈ بنایا گیا اور نوئیڈا کو بہت سی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان کی حکومت کے دوران افغانستان کی ٹیم نے نوئیڈا کو اپنا ہوم گراؤنڈ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے لکھنؤ میں بہترین اسپورٹس سٹی بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی حکومت آئی تو کسانوں کو مناسب معاوضہ دیا جائے گا اور ان کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد