
ڈبلن ،09نومبر (ہ س )۔
آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آئرش فٹ بال کی گورننگ باڈی کے اراکین نے اسرائیل کو یورپی مقابلوں سے فوری طور پر معطل کرنے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف پابندی کی قرارداد کے حق میں 74 اور مخالفت میں 7 ووٹ آئے۔
فٹبال ایسوسی ایشن نے یوئیفا سے اسرائیل کی فٹبال ٹیم پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فیفا کی دو شقوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ اسرائیل فیفا کی نسلی تعصب برتنے سے متعلق پالیسی کی واضح خلاف ورزی کرتا رہا ہے۔
آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق اسرائیلی کلبوں نے فلسطین فٹ بال ایسوسی ایشن کی اجازت کے بغیر ہی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فٹبال کھیلی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق آئرش قرارداد ستمبر میں ترکیہ اور ناروے کے فٹ بال حکام کی اسرائیل کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کرنے کی درخواست کے بعد سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے ماہرین بھی فیفا اور یوئیفا سے اسرائیل کو بین الاقوامی فٹبال سے معطل کرنے کی درخواست کرچکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ