

راہل گاندھی مدھیہ پردیش کے دورے پر پچمڑھی پہنچے، کانگریس کے ضلع صدور کے تربیتی اجلاس سے خطاب کریں گے
نرمداپورم، 8 نومبر (ہ س)۔ لوک سبھا میں لیڈر حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی ہفتہ کو دوپہر تقریباً 3.30 بجے مدھیہ پردیش کے دو روزہ دورے پر پچمڑھی پہنچ گئے۔ وہ ہیلی پیڈ سے سیدھے ہوٹل ہائی لینڈ کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ ضلع صدور کے تربیتی کیمپ کے ایک اجلاس سے خطاب کریں گے۔
راہل گاندھی تقریباً 19 گھنٹے تک پچمڑھی میں قیام کریں گے۔ ان کا رات کا قیام پہاڑی پر واقع روی شنکر بھون (وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ) میں ہوگا۔ اتوار کی صبح 10 بج کر 20 منٹ پر وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھوپال کے لیے روانہ ہوں گے اور وہاں سے دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل راہل گاندھی طیارہ سے بھوپال کے راجا بوجھ ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری سمیت دیگر رہنماوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ بھوپال سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پچمڑھی پہنچے۔ یہاں وہ ہیلی پیڈ سے براہ راست تربیتی مقام کی طرف روانہ ہو گئے۔ ضلع صدور کے تربیتی کیمپ میں راہل گاندھی کی شرکت سے قبل سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ، سابق مرکزی وزیر ارون یادو سمیت کئی سرکردہ رہنما پچمڑھی پہنچ چکے تھے۔
راہل گاندھی کے دورے کے پیش نظر پچمڑھی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نرمداپورم، بھوپال اور آس پاس کے اضلاع سے خصوصی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ راہل گاندھی سی آر پی ایف کے خصوصی سیکورٹی حصار میں رہیں گے۔ مختلف مقامات پر مسلح فورس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
مدھیہ پردیش روانگی سے قبل راہل گاندھی نے یکے بعد دیگرے ویڈیو جاری کر کے حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’آج مدھیہ پردیش جا رہا ہوں اور جب سے یہ خبر دیکھی ہے کہ وہاں بچوں کو مڈ ڈے میل اخبار پر پروسا جا رہا ہے، دل ٹوٹ سا گیا ہے۔ یہ وہی معصوم بچے ہیں جن کے خوابوں پر ملک کا مستقبل قائم ہے، مگر انہیں عزت کی پلیٹ تک نصیب نہیں۔ یہاں بی جے پی کی بیس سال سے زیادہ پرانی حکومت ہے اور بچوں کی تھالی تک چوری کر لی گئی ہے۔ ان کا ’’وکاس‘‘ صرف ایک دھوکہ ہے۔ حکومت میں آنے کا اصل راز تو ’’نظام‘‘ ہے۔ ایسے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کو شرم آنی چاہیے جو ملک کے بچوں، یعنی ہندوستان کے مستقبل کی اس بدحالی کے ذمہ دار ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن