
وارانسی، 8 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو وارانسی سے چار نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ ان میں بنارس-کھجوراہو، لکھنو¿-سہارنپور، فیروز پور-دہلی، اور ایرناکولم-بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے وکست بھارت کے عزم کے ساتھ اپنے وسائل کو بااختیار بنانے کے مشن کا آغاز کیا ہے اور یہ ٹرینیں اس سفر میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وندے بھارت، نمو بھارت، اور امرت بھارت جیسی ٹرینیں ہندوستانی ریلوے کے اگلے سلسلے کی ترقی کی بنیاد رکھ رہی ہیں۔ یہ صرف نئی ٹرینوں کا آغاز نہیں ہے بلکہ ملک کے بنیادی ڈھانچے اور خود انحصاری کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ وزیر اعظم نے ان ٹرینوں کو ہندوستانیوں کے ذریعہ، ہندوستانیوں کے لئے اور ہندوستانیوں کی ٹرین بتایا، جس نے غیر ملکی مسافروں کو بھی متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی مذہبی یاترائیں صدیوں سے قومی شعور کا ذریعہ رہی ہیں۔ اب، وندے بھارت نیٹ ورک کے ذریعہ مقدس پریاگ راج، ایودھیا، ہریدوار، چترکوٹ اور کھجوراہو جیسے تیرتھ استھل جوڑے جا رہے ہیںتو یہ ہندوستان کے عقیدے، ثقافت اور ترقی کے درمیان ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اقدام مذہبی مقامات کو صرف روحانی مراکز نہیںبلکہ قومی ترقی کی علامت کے طور پر بھی قائم کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں، اتر پردیش میں تیرتھ سیاحت نے نہ صرف عقیدت کو ایک نئی جہت دی ہے بلکہ معیشت کو بھی مضبوط کیا ہے۔ گزشتہسال 11 کروڑ عقیدت مند بابا وشواناتھ کے درشن کے لیے وارانسی پہنچے، جب کہ 6 کروڑلوگ رام للا کے درشن کے لیے ایودھیا پہنچے۔ اس دوران ہوٹلوں، کاروباریوں، ٹرانسپورٹ، ملاحوں اور مقامی فنکاروں کے لیے مسلسل آمدنی کے مواقع دستیاب ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ وندے بھارت جیسی ٹرینوں سے ملک کی کنیکٹی وٹی میں انقلابی تبدیلی آئی ہے۔ ان نئی ٹرینوں سے سفر کا وقت کم ہوگا، سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی کاروبار کونئی رفتار ملے گی۔ وارانسی-کھجوراہو ٹرین دو گھنٹے 40 منٹ کاوقت بچائے گی، جب کہ لکھنو¿-سہارنپور وندے بھارت تقریباً ایک گھنٹہ تیز چلے گی۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے وارانسی کی مسلسل ترقی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وارانسی میں اسپتال، سڑکیں، گیس پائپ لائن، انٹرنیٹ نیٹ ورک، روپ وے اور کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ بی ایچ یو میں ایڈوانسڈ ٹراما سنٹر، مہامنا کینسر اسپتال، شنکر نیترالیہ اور پانڈے پور میں ڈویژنل اسپتال جیسے ادارے وارانسی اور پوروانچل کے لیے وردان بن چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وارانسی کا دورہ کرنے والا ہر شخص اس کی توانائی، جوش اور روحانیت کو محسوس کرے۔ شہر کو ہم ایسا بنانا چاہتے ہیں کہ اسے دیکھنے، قیام کرنے اور تجربہ کرنے والا ہر شخص ہندوستان کی ترقی کو محسوس کرے۔
وزیر اعظم نے تقریب میں موجود طلباءسے بھی بات چیت کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طلباءمیں مسابقتی جذبہ اور ”وکست بھارت“ کے تصور کو ابھارنے کی یہ اچھی کوشش ہے۔
اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور کئی مرکزی وزرائ اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ کیرالہ کے گورنر راجیندر آرلیکر اور دیگر وزرا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد