
بھوپال، 8 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں میونسپل کارپوریشن کمشنر سنسکرتی جین کے نام سے کسی نامعلوم شخص نے فرضی اکاونٹ بنا کر دھوکہ دہی کی کوشش کی ہے۔ کسی نے سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات حاصل کر کے واٹس ایپ پر ان کے نام سے رشتہ داروں اور ساتھیوں کو پیغامات بھیجے۔ پہلے خیر خیریت دریافت کی، پھر ذاتی کام کے لیے پچاس ہزار روپے مانگے۔
بھوپال میونسپل کارپوریشن کمشنر سنسکرتی جین نے ہفتہ کے روز خود سوشل میڈیا پر فرضی اکاونٹ بنا کر رقم مانگنے کی اطلاع شیئر کی اور عوام کو خبردار کیا۔ انہوں نے محکمہ جاتی افسران کو بھی مطلع کیا اور عوام کو آگاہ کرنے کے لیے انٹرنیٹ میڈیا کے ذریعے پیغام جاری کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی میرے نام سے فرضی اکاونٹ بنا کر اور میری تصویر لگا کر رقم مانگتا ہے تو اسے نظرانداز کریں اور مجھے بھی فوراً اطلاع دیں۔
میونسپل کمشنر سنسکرتی جین نے بتایا کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کسی نے ایک موبائل نمبر پر ان کی تصویر لگا کر فرضی اکاونٹ بنایا اور یہ کہتے ہوئے کہ وہ میٹنگ میں ہیں اور بینک اکاونٹ میں آن لائن ٹرانسفر کی کچھ تکنیکی دقت آ رہی ہے، 50 ہزار روپے کی رقم ایچ ڈی ایف سی بینک میں ریا ایکرویا نامی شخص کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کو کہا۔ سوشل میڈیا پر اس شخص نے ایچ ڈی ایف سی بینک کی روئنگ شاخ کا اکاؤنٹ نمبر 50100553727629 اور آئی ایف ایس سی کوڈ ایچ ڈی ایف سی 0002245 بھی دیا۔ اس واقعے کے بعد میونسپل کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں۔
قابل ذکر ہے کہ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کی افسر سنسکرتی جین اس سے قبل ضلع سیونی کی کلکٹر رہ چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ ہی انتظامی تبادلے کے دوران تبادلہ کر کے انہیں بھوپال میونسپل کارپوریشن میں کمشنر مقرر کیا گیا تھا، اور وہ تب سے یہ ذمہ داری سنبھال رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن