
کٹیہار، 8 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز کٹیہار کے کویرا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار کویتا پاسوان کی حمایت میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں عوام نے بہار میں این ڈی اے کی حکومت کی بنیاد رکھ دی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد جنگل راج چلانے والے دوربین سے تلاش کرنے پر بھی نظر نہیں آئیں گے۔ امت شاہ نے لالو یادو اور راہل گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے ان پر بہار کے سیمانچل اور دیگر علاقوں میں بنگلہ دیشی دراندازی کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مہا گٹھ بندھن دراندازوں کی حفاظت میں مصروف ہے۔ بہار میں این ڈی اے کے ڈیفنس کوریڈور کے وعدے کو دہراتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا، مودی جی رام مندر، سیتا ماتا مندر کی تعمیر، دہشت گردوں کو ان کے گھروں میں مارنے، اور کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ بنایا ہے۔ اب مودی جی نے بہار میں ڈیفنس کوریڈور بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔این ڈی اے حکومت کی کامیابیوں کی فہرست شمار کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جوڑی نے سیمانچل اور کٹیہار کے لیے بہت کام کیا ہے۔ پٹنہ-پورنیہ گرین فیلڈ ایکسپریس وے کو کٹیہار تک بڑھایا جا رہا ہے۔ نارائن پور سے پورنیہ تک 49 کلو میٹر سڑک بنائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ گنگا پر ایک پل جو منیہاری اور صاحب گنج کو ملاتا ہے، دو ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس طرح یہاں بے شمار ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ ڈیفنس کوریڈور کے قیام سے نہ صرف بہار کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ریاست کی اقتصادی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan