
نئی دہلی، 8 نومبر (ہ س)۔ دہلی کے روہنی علاقے میں رٹھالا میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک جھگی بستی میں جمعہ کی رات آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوںنے خطرناک شکل اختیار کر لی ۔ لمحوں میں سینکڑوں جھگیاںاس کی زد میں آگئیں۔ آگ لگنے کے دوران گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے ۔ اس واقعے کے حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ واقعے میں ایک شخص ہلاک ہو گیاجبکہ دوسرا جھلس گیا۔
محکمہ فائر بریگیڈ کو جمعہ کی رات تقریباً 10:30 بجے آگ لگنے کی کال موصول ہوئی۔ کئی گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔ آگ بجھانے کے لیے دو درجن سے زائد فائربریگیڈ کی گاڑیاں تعینات کی گئی تھیں۔ مقامی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔ انتظامیہ نے آس پاس کے علاقے کو خالی کرا لیا اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
فائر آفیسر ایس کے دُووا نے کہا،”ہمیں اطلاع ملی کہ رٹھالا میٹرو اسٹیشن اور دہلی جل بورڈ کے درمیان واقع بنگالی بستی کی جھگیوں میں آگ لگ گئی ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا، فائر بریگیڈ کی کل 29 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔ محکمہ فائر بریگیڈ کی کوششوں سے صبح تک آگ پر قابو پالیا گیا۔
اس حادثے میں راجیش (30 شالہ) جھلس گیا ، جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔وہیں منا(30سالہ شخص)کی لاش ملی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 200 سے زائد جھگیوں میں آگ لگی، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد