ڈوڈہ بھرت روڈ پر دیوار گرنے سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر
ڈوڈہ بھرت روڈ پر دیوار گرنے سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر جموں، 8 نومبر (ہ س)۔ ضلع صدر مقام ڈوڈہ کو تحصیل بھرت بگلہ اور بھاگواہ کے پہاڑی علاقوں سے جوڑنے والی بھرت روڈ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے۔ شہر کے اندر ہی اس سڑک کا ایک حصہ تقریباً سو میٹر تک ح
Road


ڈوڈہ بھرت روڈ پر دیوار گرنے سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر

جموں، 8 نومبر (ہ س)۔ ضلع صدر مقام ڈوڈہ کو تحصیل بھرت بگلہ اور بھاگواہ کے پہاڑی علاقوں سے جوڑنے والی بھرت روڈ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے۔ شہر کے اندر ہی اس سڑک کا ایک حصہ تقریباً سو میٹر تک حفاظتی دیوار گرنے کے باعث شدید خطرناک بن چکا ہے، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد و رفت صرف ایک سمت سے ممکن رہ گئی ہے۔ اب ایک طرف سے آنے والی گاڑیوں کو رک کر دوسری سمت کی گاڑیوں کو گزرنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔

حالیہ تباہ کن بارش کے سبب دیگر علاقوں کی طرح بھرت روڈ کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے تاہم ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود متعلقہ محکمہ نے سڑک کی مرمت کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑک کی بگڑتی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ حالیہ بارش کے دوران بھرت روڈ کی حفاظتی دیوار زمین کھسکنے کے باعث منہدم ہوئی ہے۔ اُن کے مطابق زمین کے مسلسل کھسکنے کے سبب فوری طور پر دیوار کی تعمیر ممکن نہیں تھی۔ تاہم، ایک کروڑ 33 لاکھ روپے کی لاگت سے مرمتی منصوبے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیجی جا چکی ہے، اور امکان ہے کہ چند دنوں کے اندر سڑک کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande