
علی گڑھ, 8 نومبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے آئی اے پی ایس ایم- آئی سی ایم آر ون ہیلتھ انیشیئیٹیو کے تحت ’ون ہیلتھ آگہی ریلی“ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد”ایک دنیا، ایک صحت‘ کے تصور کو عام کرنا تھا، جو انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی صحت کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتا ہے تاکہ عالمی صحت سے متعلق چیلنجوں کی مؤثر روک تھام ممکن ہو سکے۔ ریلی کا آغاز فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے جے این ایم سی کے اولڈ ایمرجنسی بلاک سے کیا، جس میں 100 سے زائد افراد نے شرکت کی، جن میں فیکلٹی ممبران پروفیسر نجم خلیق، پروفیسر سائرہ مہناز اور ڈاکٹر یاسر زبیر سمیت پوسٹ گریجویٹ طلبہ، انٹرنز، ایم بی بی ایس، ماسٹرز اِن پبلک ہیلتھ، پیرا میڈیکل اور نرسنگ کالج کے طلبہ و طالبات شامل تھے۔
یہ پروگرام شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی صدر، پروفیسر عظمیٰ ارم کی رہنمائی میں منعقد ہوا، جب کہ ڈاکٹر ثمینہ احمد نے اس کی نظامت کی۔ یونیورسٹی کی پراکٹوریل ٹیم نے بھی ریلی کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ