
شعبہ اینستھیسیالوجی کی جانب سے آر اے ایف بٹالین 104 کے اہلکاروں کو سی پی آر کی ٹریننگ دی گئی
علی گڑھ، 8 نومبر (ہ س)۔ سی پی آر بیداری ہفتہ کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر نے ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) بٹالین 104، علی گڑھ کے اہلکاروں کے لیے کارڈیوپلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) کی ٹریننگ کا اہتمام کیا۔
یہ تربیت ڈاکٹر شہنا علی اور ڈاکٹر مناظر اثر کی نگرانی میں دی گئی، جس کا مقصد آر اے ایف اہلکاروں کو دل کے دورے یا دیگر ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر طور پر جان بچانے کے ہنر سے لیس کرنا تھا۔ تربیتی سیشن میں شرکاء کو معیاری چیسٹ کمپریشن، ایئر وے مینجمنٹ، اور آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفبریلیٹرز (اے ای ڈی) کے استعمال کی عملی تربیت دی گئی۔ ورکشاپ میں لائیو مظاہرے، رہنمائی کے تحت سمیولیشنز، اور انفرادی مشقیں شامل تھیں۔
آر اے ایف بٹالین 104 کے کمانڈنٹ شری ونود کمار نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت بلاشبہ ہمارے اہلکاروں کی ایمرجنسی ردِعمل کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔ شعبہ اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر کے چیئرمین پروفیسر حماد عثمانی نے فیکلٹی ممبران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صحت عامہ کے سلسلہ میں بیداری کے فروغ کی جانب سے ایک اہم قدم ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ