تمام مذاہب انسانیت اور امن و انصاف کی تعلیم دیتے ہیں : پروفیسر اختر الواسع
تمام مذاہب انسانیت اور امن و انصاف کی تعلیم دیتے ہیں : پروفیسر اختر الواسع علی گڑھ، 8 نومبر (ہ س)۔ تمام مذاہب کی بنیادی تعلیمات امن، انسانیت اور انصاف کے فروغ پر مبنی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کیا۔ وہ آج علی گڑھ مسلم
اجرا کرتے ہوئے


تمام مذاہب انسانیت اور امن و انصاف کی تعلیم دیتے ہیں : پروفیسر اختر الواسع

علی گڑھ، 8 نومبر (ہ س)۔ تمام مذاہب کی بنیادی تعلیمات امن، انسانیت اور انصاف کے فروغ پر مبنی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کیا۔ وہ آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اسلامیات کے زیر اہتمام ”مذہب، سماجی انصاف اور عدم مساوات، عالمی تناظر میں“ موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی سیمینار میں کلیدی خطاب پیش کررے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ آج دنیا بڑھتی ہوئی سماجی خلیج کا سامنا کر رہی ہے، تاہم مذہب کا متحد کرنے والا پہلو اب بھی ہمدردی اور اخلاقی رویے کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ پروفیسر واسع نے مذہب کو اتحاد کا وسیلہ قرار دیتے ہوئے اس کے سیاسی یا نظریاتی استحصال کے خلاف خبردار کیا اور مذاہب کے مابین مکالمے اور باہمی تفہیم کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی پروفیسر عبدالعلیم نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ عالمی سطح پر نابرابری اور ناانصافی کے پس منظر میں مذہبی تعلیمات میں مضمر اخلاقی و سماجی اصولوں پر ازسرنو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب نہ صرف فرد کی اخلاقی تربیت کرتا ہے بلکہ سماجی انصاف، انسانی وقار اور اجتماعی فلاح کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

مہمان اعزازی پروفیسر اے آر قدوائی نے قرآنِ مجید میں بیان کردہ عدل و مساوات کے اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذہب کی اصل روح کردار سازی اور ایک متوازن و ہمدردانہ معاشرتی نظام کے قیام میں مضمر ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ قرآن و سنت کی پیروی ہی اخلاقی شفافیت کو یقینی بناتی ہے اور انسان کو گمراہی سے بچاتی ہے۔

استقبالیہ خطاب میں شعبہ اسلامیات کے صدر پروفیسر عبد الحمید فاضلی نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد ایک تقسیم شدہ دنیا میں مذہب کے پیغامِ عدل و امن کو ازسرنو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر بلال احمد کُٹّی نے سیمینار کے موضوع کا تعارف کرایا اور بتایا کہ ملک و بیرونِ ملک سے تقریباً 90 اسکالرز نے مذہب اور سماجی انصاف کے مختلف پہلوؤں پر مقالے پیش کیے۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر محمد پرویز، ڈاکٹر درخشاں، ڈاکٹر عنبرین اور ڈاکٹر مرسلین کی تصنیف کردہ کتب کی رسمِ اجرا بھی عمل میں آئی۔ سیمینار کا اختتام ڈاکٹر نگہت رشید کے کلمات تشکر پر ہوا۔ سمینار میں ہندوستان اور بیرون ملک سے تقریباً 90 اسکالرز نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande