
بھوپال، 8 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام شیخ قریشی عرس کمیٹی کے اشتراک سے کل ہند صوفی مشاعرے کا انعقاد 9 نومبر 2025 کو رات9 بجے سے درگاہ وقف کمیٹی مدار چلہ، شیرانی پورہ رتلام میں ایم ایس ایم ای وزیر چیتنیہ کشیپ کی بطور مہمان خصوصی موجودگی میں کیا جائے گا۔ مشاعرے میں اس پروگرام کے مقامی کنوینر سعید قریشی(صدر، شیخ قریشی عرس کمیٹی، رتلام) کا تعاون بھی شامل رہے گا۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ مشاعرے ہماری روایت اور تہذیب کا حصہ رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی اور محکمہ ثقافت کی یہ کوشش رہتی ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں جاکر اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے جس سے بین الاقوامی شہرت یافتہ شعرا کے ساتھ مقامی شعرا کو اسٹیج شیئر کرنے کا موقع ملے۔ اسی سلسلے کے تحت 9 نومبر کو رتلام میں کل ہند مشاعرے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں حسن فتح پوری (دہلی)، حسن کاظمی (لکھنؤ)،جلیل برہان پوری ( برہان پور)، الطاف ضیاء (مالیگاؤں)،شوک مزاج بدر (ساگر)، لوکیش کمار ساحل (جے پور )، سفیان قاضی (کھنڈوا)،تابش نیر (دموه)، نعیم فراز (اکولا)،شائستہ ثنا (بریلی)،نمرتا شریواستو(بھوپال)،خورشید پھینکو بھوپالی (بھوپال) اور رتلام سے عبد السلام کھوکر، فضل حیات اور دیپالی پرمار اپنا کلام پیش کریں گے۔ مشاعرے کی نظامت کے فرائض جلیل برہانپوری انجام دیں گے۔
ڈاکٹر نصرت مہدی نے رتلام کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن