
لداخ کو خود کفیل اور معاشی طور مستحکم بنانا انتظامیہ کا ہدف ہے ۔ایل جی
لداخ، 8 نومبر (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ انتظامیہ کا ہدف ایک خود کفیل، بااختیار اور معاشی طور پر مستحکم لداخ کی تشکیل ہے، جہاں ہر شہری کو ترقی، اختراع اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آتمانربھر لداخ کا خواب تبھی شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے جب خواتین، نوجوانوں، کاریگروں اور محروم طبقات کو ترقی کے عمل میں برابری سے شریک کیا جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر سندھو انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے محکمہ دیہی ترقی کے ہال، اَگلِنگ، لیہہ میں منعقدہ لون تقسیم تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب لداخ کو مالی خود کفالت اور اقتصادی شمولیت کی راہ پر ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لداخ میں 13,600 سے زائد ایم ایس ایم ای یونٹس قائم ہو چکے ہیں، جن سے 50 ہزار سے زیادہ افراد کو روزگار ملا ہے، جبکہ 147 صنعتی یونٹس فعال ہیں جو مقامی صنعت و حرفت کو فروغ دے رہے ہیں۔
کویندر گپتا نے ایس آئی ڈی سی او کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ نہ صرف مالی معاونت فراہم کر رہا ہے بلکہ پسماندہ طبقات، خواتین، قبائلی برادریوں، معذور افراد اور صفائی ملازمین کو خود روزگار کے مواقع بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے ایس آئی ڈی سی او کی اسکیموں، جن میں ویراثت اسکیم برائے روایتی دستکار، آدیواسی مہلا سشکتیکرن یوجنا برائے قبائلی خواتین، اور تعلیمی قرض اسکیم شامل ہیں، کو سراہا۔ ان قرضوں پر 4 سے 10 فیصد رعایتی شرح سود رکھی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچ سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ حالیہ اجلاسوں میں لیہہ کے 89 اور کرگل کے 48 مستفیدین کے لیے مجموعی طور پر 16.17 کروڑ روپے کے قرضے منظور کیے گئے ہیں۔ مزید کہا کہ 4,188 کاریگروں کو پردھان منتری وِشو کرما یوجنا کے تحت رجسٹر کیا گیا ہے، جب کہ برینڈ لداخ کے نام سے لیہہ اور دہلی میں شو رومز قائم کیے گئے ہیں تاکہ مقامی مصنوعات کو قومی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
خواتین خود امدادی گروپوں کو 1.19 کروڑ روپے بطور سیڈ کیپیٹل فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار قائم کر سکیں اور دیگر خواتین کے لیے مثال بنیں۔کویندر گپتا نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نوکری تلاش کرنے کے بجائے خود روزگار کے مواقع پیدا کریں اور حکومت کی اسکیموں جیسے پی ایم ای جی پی، اسٹارٹ اپ انڈیا اور ایس آئی ڈی سی او لون پروگرام سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ لداخ کے نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیت، ہمت اور عزم موجود ہے، جو خطے کی نئی معاشی شناخت تشکیل دے سکتے ہیں۔
تقریب میں سکریٹری بھوپیش چودھری ،سکریٹری ہائر ایجوکیشن بھانو پربھا ، ڈپٹی کمشنر لیہہ رومل سنگھ ڈونک اور دیگر افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر