
اے ایم یو کے شعبہ سنّی دینیات میں مقالہ خوانی پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 8 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہئ سنی دینیات کے ریسرچ اسکالرز کی جانب سے پندرہ روزہ مقالہ خوانی پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی صدارت شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر محمد عاصم خان نے کی۔ ریسرچ اسکالر محمد مسعود شیخ نے اپنا مقالہ بعنوان ’حجیت حدیث قرآنی دلائل کی روشنی میں‘ پیش کیا جس میں انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی حجیت پر قرآنی دلائل کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوال و افعال و تقاریر رسول صلی اللہ علیہ وسلم قرآن کریم کی طرح حجت شرعی ہیں۔
شعبہ سنی دینیات کی دوسرے ریسرچ اسکالر کاشف کامران خان نے اپنا مقالہ ’نسلی امتیاز کے سد باب میں مذہبی تعلیم‘ کے عنوان پر پیش کیا۔ انہوں نے اپنے مقالے میں کہا کہ تمام مذاہب کی اصل تعلیمات نسلی مساوات پر مبنی ہیں،امتیاز زیادہ تر تاریخی، سیاسی یا سماجی تعبیرات کی پیداوار ہے۔ مذہبی تعلیمات آج بھی بین الاقوامی برابری اور انسانی حقوق کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرسکتی ہیں۔
صدراجلاس ڈاکٹر محمد عاصم خاں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ سلسلہ ایک خوش آئند روایت ہے، جس کا مقصد ریسرچ اسکالرز میں علمی شعور، مطالعہ اور تحقیقی ذوق کو فروغ دینا ہے۔ مقالہ نگاروں کے مقالہ جات کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بہت سے قرآنی احکام ایسے ہیں جن کی تفصیل و وضاحت احادیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے مکمل ہوتی ہے۔ اسلام واحد مذہب ہے جس نے تمام انسانوں کو مساوات کی بنیاد پر ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔ دیگر مذاہب میں جہاں نسل و ذات کی تفریق پائی جاتی ہے،وہیں اسلام نے تمام مؤمنین کو اخوت و برابری کا درس دیا۔
صدرِ شعبہ پروفیسر محمد راشد نے اپنے خصوصی خطاب میں تمام ریسرچ اسکالرز اور پروگرام کے منتظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقالہ خوانی کا یہ تسلسل شعبے کی علمی زندگی کی علامت ہے۔ایسے پروگرام ریسرچ کا بنیادی حصہ ہیں جو طلبہ میں تحقیقی سنجیدگی اور علمی خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریسرچ اسکالرز کے لیے حاضری اور اس طرح کی سرگرمیاں ان کی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں کیونکہ تحقیق محض مطالعہ نہیں بلکہ عملی و فکری شرکت کا تقاضا کرتی ہے۔
پروگرام کی نظامت زاہد علی،کنوینر، ریسرچ ایسوسی ایشن نے انجام دی، جبکہ اجلاس کا آغاز محمد انس کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوااور کلمات تشکر محمد عاصم مبشر نے پیش کئے۔ اس موقع شعبہ دینیات کے اساتذہ ڈاکٹر ندیم اشرف،ڈاکٹر حبیب الرحمن کے علاوہ کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ