
ریلوے ڈویژن جموں نے 22 ٹرینوں کی سروس کو اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا
جموں، 7 نومبر (ہ س)۔ شمالی ریلوے نے کہا ہے کہ جموں ڈویژن میں ٹرینوں کی عام آمدورفت مارچ یا اپریل 2026 تک متاثر رہے گی، کیونکہ اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد ریلوے پُلوں کی مرمت اور مختلف مقامات پر رفتار کی پابندیاں بدستور جاری ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق 22 ٹرینیں آئندہ کئی ماہ تک منسوخ رہیں گی، جبکہ 16 دیگر ٹرینیں محدود روٹس پر چلائی جائیں گی۔ یہ فیصلہ اُن ریلوے پُلوں کی مرمت اور بحالی کے پیش نظر کیا گیا ہے جو شدید بارشوں کے دوران نقصان زدہ ہوئے تھے۔
شمالی ریلوے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ خاص طور پر کٹھوعہ اور مادھوپور کے درمیان واقع پُل نمبر 17 سمیت کئی اہم پُلوں کی مرمت کا کام ابھی جاری ہے، جس کے سبب عام ٹریفک کی بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ زیادہ تر ٹرینیں اپریل 2026 تک ہی دوبارہ چل پائیں گی، تاہم صورتحال کا انحصار مرمتی کام کی رفتار پر ہوگا۔
حکام نے مزید کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ ریلوے ڈھانچے کی بحالی مرحلہ وار جاری ہے، اور اب تک چھ مراحل میں تقریباً اسی فیصد ریل سروسز بحال کی جا چکی ہیں۔ باقی ٹرینیں اگلے چند مہینوں میں رفتہ رفتہ بحال کی جائیں گی۔ شمالی ریلوے نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ مسافروں کی سہولت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام کام مکمل کیے جائیں گے، تاکہ آنے والے مہینوں میں جموں، اُدھمپور اور کٹرا کے درمیان ٹرین خدمات مکمل طور پر بحال کی جا سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر