
اعظم گڑھ، 7 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں لکھنؤ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور مقامی پولیس کا جمعہ کی صبح ایک50ہزار روپے کے انعامی بدمعاش کے ساتھ تصادم ہوا۔ زخمی بدمعاش کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس کے تین ساتھی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
ایس ٹی ایف کے ایس پی ڈی کے شاہی نے بتایا کہ ٹیم نے روناپار تھانہ علاقے میں جوکہرا پل کے قریب بدمعاشوں کی گھیرابندی کی اور دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ جوابی کارروائی میں ایک بدمعاش گولی لگنے سے زخمی ہو کر نیچے گرگیا۔ یہ دیکھ کر اس کے دوسرے ساتھی بھاگ گئے۔ ٹیم نے زخمی بدمعاش کو علاج کے لیے سی ایچ سی ہریا بھیجا، جہاں سے اس کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے صدر اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ جانچ کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مہلوک بدمعاش کی شناخت اعظم گڑھ کے پھول پور کے رہنے والے واقف عرف واقب (27) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کی گرفتاری پر 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے خلاف اعظم گڑھ، جونپور، کشی نگر اور دیگر اضلاع میں تقریباً 48 مجرمانہ مقدمات درج تھے، جن میں چوری، ڈکیتی، دھوکہ دہی اور گائے کی غیر قانونی اسمگلنگ شامل ہے۔
پولیس نے انکاونٹر کی جگہ سے کارتوس، خول کے ڈبے اور دیگر مجرمانہ شواہد برآمد کیے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے تلاشی مہم جاری ہے۔ آپریشن کے دوران سواٹ کی ٹیم اور سدھاری پولیس کی ایک ٹیم موجود تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد