مڈل آرڈر میں جگہ بنانا چاہتے ہیں آسٹریلیائی بلے باز میٹ شارٹ
نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ آسٹریلیا کے آل راونڈر میٹ شارٹ نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ وہ بلے بازی کا آغاز کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن اگلے سال ہندوستان اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں جگہ بنانے کا ان کا سب سے بڑا موقع مڈل یا لوئر آرڈر
آسٹریلیا کے آل راونڈر میٹ شارٹ۔


نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ آسٹریلیا کے آل راونڈر میٹ شارٹ نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ وہ بلے بازی کا آغاز کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن اگلے سال ہندوستان اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں جگہ بنانے کا ان کا سب سے بڑا موقع مڈل یا لوئر آرڈر میں ہے۔

29 سالہ شارٹ گزشتہ سال ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران 15 رکنی ٹیم سے باہر ایک ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل تھے، لیکن انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔

ہندوستان کے خلاف جاری موجودہ ٹی 20 سیریز، جو گولڈ کوسٹ اور گابا میں ہونے والے مقابلوں کے ساتھ کوئنزلینڈ میں اختتام پذیر ہوگی، شارٹ کے لیے نہایت اہم مانی جا رہی ہے۔

شارٹ کی بہترین اننگز میں سے ایک 2023 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی 30 گیندوں پر 66 رنوں کی طوفانی اننگز رہی ہے، جو انہوں نے اوپننگ کرتے ہوئے کھیلی تھی۔ تاہم موجودہ سیریز میں انہوں نے پہلے دو میچوں میں نمبر 7 پر بلے بازی کی ہے۔

شارٹ نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ نے انہیں ورلڈ کپ میں شامل ہونے کا واضح راستہ دکھا دیا ہے۔

انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے سے کہا، ’’انفرادی طور پر میں اوپننگ کو اپنی سب سے مضبوط پوزیشن مانتا ہوں، لیکن سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف سے بات چیت کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ہماری ٹاپ 4 یا ٹاپ 5 بلے بازوں کی جگہ تقریباً طے ہے۔ اگر مجھے ورلڈ کپ کی پلئنگ الیون میں جگہ بنانی ہے، تو میرا سب سے اچھا موقع مڈل یا لوئر آرڈر میں ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ورلڈ کپ کھیلنا میرے لیے بہت بڑی بات ہوگی۔ ویسٹ انڈیز میں میں ریزرو کھلاڑی تھا اور کھیل نہیں پایا، لیکن آسٹریلیا کے لیے کھیلنا ہمیشہ فخر کی بات ہے — چاہے وہ ورلڈ کپ ہو یا کوئی دو طرفہ سیریز۔‘‘

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے کپتان شارٹ نے اپنی بی بی ایل 12 اور بی بی ایل 13 کی شاندار کارکردگی کے دم پر پہچان بنائی، جہاں وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ان کی دھواں دار بلے بازی اور ہوشیار آف اسپن نے انہیں آسٹریلیا کی ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں تک پہنچایا۔

شارٹ نے کہا کہ اب وہ اپنی بلے بازی میں اسپنرز کے خلاف بہتری پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’ہندوستان اور سری لنکا کے حالات کو دیکھتے ہوئے اسپن گیندبازی کے خلاف میرا کھیل مزید بہتر ہونا چاہیے۔ ہمارے پاس ٹم ڈیوڈ، گلین میکسویل، مچل مارش اور مارکس اسٹوئنس جیسے پاور ہٹرز ہیں جنہوں نے ہندوستان میں کھیل کر اسپن کے خلاف شاندار تجربہ حاصل کیا ہے۔ ایسے میں مجھے بھی اپنی صلاحیت اسی سمت میں بڑھانی ہوگی۔‘‘

انہوں نے آخر میں کہا، ’’آسٹریلیا کے لیے کھیلنا کبھی آسان نہیں ہوتا، لیکن یہی چیلنج مجھے بہتر بناتا ہے۔ آنے والے وقت میں سب کچھ واضح ہو جائے گا۔‘‘

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande