
نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ کورئیر بوائے نے 20 لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون ہڑپنے کے لیے لوٹ کی جھوٹی کال کی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ شکرپور کی پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش کے بعد مقدمہ درج کر لیا۔ شکایت کنندہ کے ساتھ بات چیت سے سازش کا انکشاف ہوا۔ شکایت کنندہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لوٹ کی کہانی گھڑنے کا اعتراف کیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم آشیش کمار (25) اور اس کے تین ساتھیوں شمیم(27)، امن (29) اور تنویر (32) کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان سے تمام مسروقہ موبائل فون برآمد کر لیے ہیں۔ انہوں نے جرم میں استعمال ہونے والی دو نوں اسکوٹی بھی برآمد کرلی ہیں۔
مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ابھیشیک دھانیا نے جمعرات کو بتایا کہ منگل کو شکرپور علاقے میں وکاس مارگ پر 20 لاکھ روپے کے موبائل فون لوٹنے کی کال موصول ہوئی۔ جب پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو انہوں نے شکایت کنندہ آشیش کمار کو پایا جس نے کہا کہ وہ وکاس مارگ پر ایک کورئیر کمپنی میں کام کرتا ہے۔
اس کے آجر نے اسے 20 لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون دیا تھا، جس میں ایک آئی فون 17، ون پلس اور ویوو فون شامل تھے۔ وکاس مارگ فلائی اوور کے قریب دیگر اسکوٹی سواروں نے زبردستی اس سے فون چھین لیا۔ وہ بعد میں فرار ہو گئے۔ تھانہ شکرپور نے مقدمہ درج کر لیا۔
تحقیقات کے لیے ضلع کا خصوصی عملہ تعینات کیا گیا تھا۔ اسپیشل اسٹاف کے انسپکٹر جتیندر ملک نے ملزم سے پوچھ گچھ کی تو وہ مشکوک لگا۔ سخت پوچھ گچھ پر اس نے لوٹ کی جھوٹی کال کرنے کا اعتراف کیا۔ بعد ازاں آشیش کمار کی اطلاع پر چوری شدہ موبائل فون اور جرم میں استعمال ہونے والی دونوں اسکوٹی برآمد کر لی۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد